سری لنکا بھی 'تین بڑوں' کی گود میں بیٹھنے کو تیار ہوگیا

2 1,029

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی اصلاح کے لیے 'تین بڑوں' آسٹریلیا، انگلستان اور بھارت کی جانب سے پیش کردہ سفارشات اب قانون کا درجہ پانے والی ہیں اور تین چوتھائی اکثریت سے منظور ہونے کے بعد صرف پاکستان اور سری لنکا ہی وہ ملک ہیں جنہوں نے اب تک اس کی مخالفت میں نہ سہی لیکن حق میں بھی ووٹ نہیں دیا۔ دونوں ممالک نے آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں ترمیم شدہ سفارشات پر غور کے لیے مزید وقت طلب کیا تھا اور پاکستان تو ایک مرتبہ پھر انتظامی بحران کا شکار ہوچکا ہے اور کوئی فیصلہ کرنے کے قابل نہیں رہا لیکن لگتا ہے کہ سری لنکا ان سفارشات کے حق میں پلٹنے والا ہے۔

Sri-Lanka-Cricket

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتھا راناتنگا نے کہا ہے کہ ترمیم شدہ سفارشات بین الاقوامی کرکٹ میں سری لنکا کے لیے اب سنگین خطرہ نہیں لگتیں۔ ہمارا اعتراض یہی تھا کہ ہم ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کی حیثیت سے جو کچھ حاصل کرچکے ہیں وہ نہ گنوا بیٹھیں۔ لیکن اب ترمیم شدہ دستاویزات پر غور کرنے سے اندازہ ہو رہا ہے کہ بیشتر معاملات واضح ہوچکے ہیں۔

اجلاس سے ایک ہفتہ قبل سری لنکا کرکٹ کے اراکین، سابق کھلاڑیوں، منتظمین اور کپتانوں کے ایک مشترکہ اجلاس میں بالاتفاق رائے سفارشات کی مخالفت کی گئی تھی اور بورڈ کے صدر جیانتھا دھرماسینا نے آئی سی سی کے وکلاء کو ایک خط بھی لکھ بھیجا تھا جس میں سفارشات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے گئے تھے۔

اس حوالے سے حتمی فیصلہ سری لنکا کرکٹ کے ایک اجلاس میں ہوگا جو جلد ہی طلب کیا جائے گا۔