مینیجر کی حیثیت سے فائٹر بنایا، اب ٹیم کو ونر بناؤں گا: معین خان

0 1,022

پاکستان کے نئے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ جب وہ مینیجر تھے تو ٹیم فائٹر بن گئی تھی، اب ان کی کوچنگ میں ونر بن جائے گی۔

ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ایشیا کپ کے اعزاز کا بھرپور دفاع کریں گے: ہیڈ کوچ (تصویر: Getty Images)
ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ایشیا کپ کے اعزاز کا بھرپور دفاع کریں گے: ہیڈ کوچ (تصویر: Getty Images)

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ مقابلے میں پاکستان کی فتح ان کی کارکردگی کی محض ایک جھلک تھی۔ اب ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور آنے والے دو اہم ترین ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

69 ٹیسٹ اور 219 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے معین خان حال ہی میں ڈیو واٹمور کی جگہ پاکستان کے ہیڈ کوچ مقرر کیے گئے ہیں اور ان اب ان کا پہلا امتحان ایشیا کپ ہے جو رواں ماہ کے آخر میں بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔

معین خان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں اعزاز کا دفاع کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے نتیجے میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ماحول سے مانوس ہونے کا بہترین موقع ملے گا جہاں اگلے ماہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسا اہم ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا۔

سابق وکٹ کیپر کپتان نے کہا کہ وہ ایک دو روز میں پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔