آئی پی ایل، نیلامی کا پہلا دن، کوئی پاکستانی نژاد بھی نہ بک سکا

4 1,066

بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں 'تین بڑوں' کی سفارشات منظور ہونے کی خوشخبری اور جسٹس جدگال کمیشن کی رپورٹ میں انڈین پریمیئر لیگ میں بدعنوانیوں کے انکشافات کی بھیانک خبروں کے درمیان امید و بیم کی حالت میں آئی پی ایل 2014ء کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کا پہلا دن مکمل ہوا جس میں 70 کھلاڑیوں کو مختلف فرنچائزز نے 212 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

پاکستانی نژاد اظہر محمود کنگز الیون پنجاب کی جانب سے دو سیزن کھیل چکے ہیں (تصویر: BCCI)
پاکستانی نژاد اظہر محمود کنگز الیون پنجاب کی جانب سے دو سیزن کھیل چکے ہیں (تصویر: BCCI)

دن کی سب سے خریداری طوفانی بلے باز یووراج سنگھ کی رہی جنہیں 14 کروڑ بھارتی روپے کی خطیر رقم میں رائل چیلنجرز بنگلور نے حاصل کیا جبکہ دنیش کارتھک کو دہلی ڈیئرڈیولز نے ساڑھے 12 کروڑ روپے میں خریدا۔ دہلی نے حال ہی میں انگلستان کی جانب سے دھتکارے گئے کیون پیٹرسن کی بھی 9 کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگائی۔

دن کی دیگر اہم خریداریوں میں آسٹریلیا کی جوڑی مچل جانسن اور گلین میکس ویل کو بالترتیب ساڑھے 6 اور 6 کروڑ روپے میں کنگز الیون پنجاب کو فروخت شامل رہی۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ، مچل اسٹارک اور مائیکل ہسی، بھارت کے رابن اتھپا اور مرلی وجے اور جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس ہی ایسے کھلاڑی رہے جن کے 5 کروڑ روپے سے زیادہ لگائے گئے جبکہ ماضی میں ایک ملین ڈالرز یعنی 6 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں فروخت ہونے والے کئی کھلاڑی اس مرتبہ معمولی قیمتوں پر بکے جن میں سب سے نمایاں پٹھان برادرز رہے۔ یوسف پٹھان تین کروڑ 25 لاکھ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز جبکہ عرفان پٹھان 2 کروڑ 40 لاکھ میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھ لگے۔

ایک کھلاڑی، جس پر نیلامی سے قبل سب کی نظریں تھیں، نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن تھے جنہوں نےحال ہی میں شاہد خان آفریدی کا ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور اس کے بعد دورے پر موجود بھارتی ٹیم کے بھی چھکے چھڑا رکھے ہیں۔ انہیں ممبئی انڈینز نے ساڑھے 4 کروڑ روپے میں خریدا۔

گو کہ پاکستان دنیائے کرکٹ کا غالبا واحد بڑا ملک ہوگا جس کے کھلاڑیوں پر آئی پی ایل کے دروازے عرصے سے بند ہیں لیکن کھلاڑیوں کے نیلامی کے پہلے روز تو پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھی کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔ انگلستان اور آسٹریلیا کی شہریت رکھنے والے اظہر محمود اور فواد احمدنیلامی کے پہلے دن کسی فرنچائز کی نظروں میں نہ آ سکے اور اگر فروخت نہ پانے والے دیگر کھلاڑیوں کی فہرست دیکھی جائے تو یہ کوئی حیران کن بات بھی نظر نہیں آتی۔ جی ہاں، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، اینجلو میتھیوز اور مہیلا جے وردھنے، انگلستان کے این بیل،روی بوپار اور ایلکس ہیلز اور آسٹریلیا کے کیمرون وائٹ، ڈیوڈ ہسی اور جیمز فرینکلن شامل رہے۔