ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، قومی خواتین ٹیم کا اعلان

0 1,056

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ بنگلہ دیش اور ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 14 رکنی خواتین ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کی قومی خواتین ٹیم اگلے ماہ کے اوائل سے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جس میں دونوں ٹیمیں 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلیں گی۔

پاکستان نے گزشتہ سال آئرلینڈ میں ہونے والے کوالیفائرز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتا تھا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے کوالیفائی کیا تھا (تصویر: ICC)
پاکستان نے گزشتہ سال آئرلینڈ میں ہونے والے کوالیفائرز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتا تھا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے کوالیفائی کیا تھا (تصویر: ICC)

اس کے بعد سال کا اہم ترین ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی سرزمین بنگال ہی پر کھیلا جائے گا، جس کے مقابلے 16 مارچ سے 6 اپریل تک سلہٹ میں ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق اس اہم دورے کے لیے خواتین کا قومی تربیتی کیمپ 17 فروری سے یکم مارچ تک لاہور کنٹری کلب، مریدکے میں منعقد ہوگا۔

پاکستان نے گزشتہ سال آئرلینڈ میں ہونے والے کوالیفائرز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتا تھا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی خواتین ٹیم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ 'اے' میں ہے، جہاں اس کا پہلا مقابلہ یوم پاکستان پر یعنی 23 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔

اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ثناء میر (کپتان)، بسمہ معروف (نائب کپتان)، اسماویہ اقبال کھوکھر، بی بی ناہیدہ، ثانیہ اقبال، جویریہ ودود، سدرا امین، سعدیہ یوسف، سمیہ صدیقی سیدہ بتول فاطمہ نقوی (وکٹ کیپر)، سیدہ نین فاطمہ عابدی، قانطہ جلیل، مرینہ اقبال اور ندا راشد۔