پاکستان بھارت کو ایشیا کپ میں بھی ہرائے گا: محمد حفیظ

5 1,053

پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دی تھی اور اب ایشیا کپ میں بھی ہرائیں گے۔

لاہور میں قومی تربیتی کیمپ کے پہلے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ ہم ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن ہیں، اس لیے میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دوں گا اور ساتھ ہی کسی ٹیم کو آسان نہیں سمجھتا۔ ہمارا پہلا اور آخری ہدف اعزاز کا بھرپور دفاع کرنا ہے اور اس کے لیے پوری قوت لگا دیں گے۔

ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں سمجھیں گے: محمد حفیظ (تصویر: BCCI)
ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں سمجھیں گے: محمد حفیظ (تصویر: BCCI)

ایشیا کپ میں محمد عرفان کی عدم موجودگی کے حوالے سے حفیظ نے کہا کہ طویل قامت گیندباز کی عدم موجودگی باؤلنگ لائن کمزور نہیں ہوئی ہے۔ گو کہ عرفان کی صورت میں پاکستان کو زیادہ فائدہ ہوتا لیکن دوسرے باؤلرز بھی کم نہیں ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم عرصہ دراز سے بیرون ملک کھیل رہی ہے اور ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کی سپورٹ نہ ہونے کے باوجود بہت اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ اب جبکہ بنگلہ دیش میں ہمیں سازگار حالات بھی میسر ہوں گے اور ماضی میں بھی ہم وہاں اچھی کارکردگی پیش کر چکے ہیں، مجھے امید ہے کہ پاکستان اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ بنگلہ دیش میں سیاسی حالات اور پاکستان کی ایشیا کپ میں شرکت کے فیصلے میں تاخیر کے بارے میں حفیظ نے کہا کہ ہمیں نہ بھارت جانے پر کوئی خوف تھا اور نہ ہی بنگلہ دیش جانے میں کوئی ڈر ہے۔ ہم جہاں بھی جاتے ہیں محبتیں پاتے ہیں اور یقین ہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھی ہمیں اچھی سیکورٹی ملے گی۔

نئے کوچ کی حیثیت سے معین خان کی تقرری پر محمد حفیظ نے کہا کہ معین خان عظیم کھلاڑی ہیں اور ان سے قومی ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے حوالے سے حفیظ کا کہنا تھا کہ اہم ٹورنامنٹ کے لیے ذوالفقار بابر کی سمیت تمام اچھے باؤلرز پاکستان کے پاس موجود ہیں لیکن یہ ان گیندبازوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ عرفان کا خلاء پر کریں۔ جبکہ کامران اکمل کو اپنی بہترین کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تیز اور اسپن باؤلرز کا بہترین کمبی نیشن میسر ہے، جو فتح گر ہے۔ شرجیل خان کو بہترین بلے باز قرار دیتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ میں ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے چند نوجوان کھلاڑی اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے ۔