راشد لطیف چیف سلیکٹر مقرر

4 1,160

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق وکٹ کیپر کپتان راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا ہے۔ وہ عبوری ذمہ دار اظہر خان کی جگہ یکم اپریل سے اس عہدے پر فائز ہوں گے۔

راشد لطیف یکم اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے (فائل فوٹو)
راشد لطیف یکم اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے (فائل فوٹو)

عدالت کے حکم پر بحال ہونے والے ذکا اشرف نے اپنی برطرفی سے قبل سابق کپتان عامر سہیل کو چیف سلیکٹر کےعہدے پر فائز کیا تھا لیکن ابھی وہ اس عہدے پر کچھ کرہی نہ پائے تھے کہ حکومت وقت نے ذکا اشرف کو عہدے سے ہٹا کر نجم سیٹھی کو مختار کل بنا دیا۔ جنہوں نے ذکا اشرف کی تمام تقرریوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اہم عہدوں پر دوبارہ تعیناتیاں کیں اور اسی سلسلےمیں آج راشد لطیف کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ اظہر خان نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے اہم ٹورنامنٹس کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا تھا اور ان دونوں میگا ایونٹس کی تکمیل کے بعد 54 سالہ راشد لطیف یہ فرائض سرانجام دیں گے۔

راشد لطیف نے 37 ٹیسٹ اور 166 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے اور فکسنگ کے حوالے سے انکشافات کرنے پر ماضی میں زبردست شہرت سمیٹ چکے ہیں۔ راشد لطیف ماضی میں قومی ٹیم کی قیادت کے علاوہ افغانستان کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔

نئے چیف سلیکٹر راشد لطیف نے اس اعلان کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چیلنج سمجھ کر اس ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں اور کوشش ہوگی کہ توقعات پر پورا اتروں۔ انہوں نے ورلڈ کپ 2015ء کے لیے ٹیم کی تیاری کو اپنے سامنے سب سے بڑا ہدف قرار دیا۔ راشد لطیف نے بتایا کہ وہ اینٹی کرپشن معاملات میں بھی بورڈ کی معاونت کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ راشد لطیف کی حدمات سے قومی کرکٹ منظرنامے پر مثبت تبدیلی آئے گی۔

واضح رہے کہ راشد لطیف گزشتہ دور میں ذکا اشرف کی بحیثیت چیئرمین تقرری اور ان کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے طے پانے والے دستور کے سخت خلاف تھے اور اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں مقدمہ تک دائر کر رکھا تھا۔