دھونی ایشیا کپ نہیں کھیلیں گے، ویراٹ کپتان مقرر

3 1,044

دورۂ نیوزی لینڈ میں تمام طرز کی کرکٹ میں فتوحات سے محروم رہنے کے بعد بھارتی دستہ وطن واپس پہنچا ہے تو قائد مہندر سنگھ دھونی آئندہ امتحان سے باہر ہوگئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق دھونی ایشیا کپ نہیں کھیلیں گے۔

شاید دھونی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایشیا کپ سے باہر کرکے آرام کا موقع دیا جارہا ہے (تصویر: BCCI)
شاید دھونی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایشیا کپ سے باہر کرکے آرام کا موقع دیا جارہا ہے (تصویر: BCCI)

مہندر سنگھ دھونی نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران پہلو میں کھنچاؤ کے باعث تکلیف کا شکار تھے اور اب وطن واپسی کے بعد انہیں 10 روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کی عدم موجودگی میں ایشیا کپ میں ویراٹ کوہلی بھارت کی قیادت کریں گے جبکہ وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری دنیش کارتھک کو سونپی گئی ہے۔

ایشیا کپ کا آغاز 25 فروری سے بنگلہ دیش میں ہو رہا ہے جہاں بھارت اپنا پہلا مقابلہ 26 فروری کو میزبان کے خلاف کھیلے گا۔

ویراٹ کوہلی ماضی میں آٹھ ون ڈے مقابلوں میں بھارت کی قیادت کر چکے ہی جن میں سے سات میں فتوحات حاصل کیں، البتہ یہ تمام مقابلے دھونی ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور سری لنکا جیسے نسبتاً کمزور حریفوں کے خلاف کھیلے گئے جبکہ پانچ تو زمبابوے کے خلاف تھے۔

غالباً دھونی کو حفظ ماتقدم کے تحت ایشیا کپ سے آرام کروایا گیا ہے تاکہ وہ 21 مارچ سے بنگلہ دیش میں ہی کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل جسمانی و ذہنی طور پر مکمل فٹ ہوجائیں اور بھارت کو ایک روزہ کے دونوں بڑے اعزازات کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی ٹرافی بھی جتوائیں۔