تمیم اقبال ایشیا کپ سے باہر؛ بنگلہ دیش کو بڑا دھچکہ

2 1,169

ایشیا کپ 2014ء کے میزبان ملک بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے اہم بلے باز تمیم اقبال کے بغیر ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ 24 سالہ اوپنر بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں تین میچز کی ایک روزہ سیریز میں بھی آرام دیا گیا تھا۔  بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ ٹی ٹونٹی عالمی کپ 2014ء میں تمیم کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے انہیں ایشیا کپ میں شرکت کرنے سے روک دیا ہے۔

تمیم اقبال نے ایشیا کپ 2012ء میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کی تھیں (تصویر: AP)
تمیم اقبال نے ایشیا کپ 2012ء میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کی تھیں (تصویر: AP)

تمیم اقبال کی جگہ ٹیم میں امرالقیس اور خراب فارم کا شکار آل راؤنڈر محمود اللہ کی جگہ ضیاء الرحمن کو طلب کیا ہے۔ بلے باز امرالقیس دو سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آتے ہی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے سلیکٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ آل راؤنڈر ضیاء الرحمن کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ ان کے انتخاب کی وجہ بنا۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن شکیب الحسن پر تین ایک روزہ میچز کی پابندی کے باعث اسپن بالنگ کے خلاء کو پر کرنے کے لیے عرفات سنی کو ٹیم میں رکھا گیا ہے۔ شکیب الحسن سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ مقابلے میں غیر اخلاقی حرکات کے مرتک قرار پائے تھے جس پر 3 ایک روزہ میچز پر پابندی اور 3 لاکھ ٹکہ جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش ٹیم کے بھارت اور افغانستان کے خلاف ابتدائی دو میچز بعد شکیب الحسن دستیاب ہوں گے۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے تمیم اقبال 124 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 4 سنچریوں اور 25 نصف سنچریوں کے ساتھ 3702 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے پچھلے ایشیا کپ 2012ء میں مسلسل چار میچز میں چار نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔

ایشیا کپ 2014ء میں حصہ لینے والا بنگلہ دیش کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مشفیق الرحیم (کپتان)، انعام الحق، امرالقیس، شمس الرحمن، نعیم اسلم، مومن الحق، ناصر حسین، عرفات سنی، ضیاء الرحمن، عبدالرزاق، سوہاگ غازی، مشرف بن مرتضی، روبیل حسین، الامین حسین اور شکیب الحسن