[اعدادوشمار] پاکستان اور 250 رنز کا ہدف، ناکامی کی طویل داستان

5 1,029

ایشیا کپ اعزاز کے دفاع کے لیے پاکستان پہلی ہی منزل پر بری طرح لڑکھڑا گیا اور سری لنکا کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے مقابلے میں 12 رنز سے شکست کھا بیٹھا۔ ایک مرحلے پر عمر اکمل اور مصباح الحق کی صورت میں بہترین شراکت داری جاری تھی اور مقابلہ پاکستان کی گرفت میں دکھائی دیتا تھا، لیکن 46 گیندوں پر 55 رنز نہ بن پائے اور پاکستان محض 42 رنز پر اپنی آخری 6 وکٹیں گنوا کر یقینی فتح سے محروم ہوگیا۔

پاکستان پچھلے تین سالوں سے 250 رنز یا اس سے زیادہ کا ہدف ملنے پر کوئی ون ڈے نہيں جیتا (تصویر: AP)
پاکستان پچھلے تین سالوں سے 250 رنز یا اس سے زیادہ کا ہدف ملنے پر کوئی ون ڈے نہيں جیتا (تصویر: AP)

اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی ہدف کے تعاقب میں ناکامی کی داستان مزید طویل ہوگئی ہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 250 یا اس سے زیادہ رنز کے ہدف کا تعاقب کیے ہوئے پاکستان کو تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ آخری مرتبہ یکم فروری 2011ء کو نیوزی لینڈ کے خلاف نیپئر میں ہونے والے ون ڈے میں پاکستان نے 263 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا لیکن اس مقابلے میں بھی معاملہ آخری دو وکٹوں پر چلا گیا تھا اور مصباح الحق کی 93 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے 49 ویں اوور میں ہدف کے حصول کو ممکن بنایا۔ اس کے بعد سے اب تک 12 ایسے مواقع آئے ہیں جب پاکستان کو 250 یا اس سے زیادہ رنز کا ہدف ملا اور وہ ہر مرتبہ شکست سے دوچار ہوا۔ ان مقابلوں میں عالمی کپ 2011ء کا پاک-بھارت سیمی فائنل بھی شامل ہے۔

فتح اللہ میں ہونے والے ایشیا کپ کے اس اولین مقابلے میں بھی پاکستان 250 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل نہ کرسکا۔

گو کہ پاکستان کئی دہائیوں سے ہدف کے تعاقب میں کمزور سمجھا جاتا ہے لیکن معاملہ اس قدر گمبھیر صورت اختیار کرجائے گا، اس کی توقع کسی پروفیشنل ٹیم سے نہیں کی جاسکتی۔ ایک ایسے دور میں جب ایک روزہ کرکٹ کے قوانین بلے بازوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، محض 250 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی پاکستان کی بیٹنگ نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔

ذیل میں فروری 2011ء سے اب تک ہونے والے ان 12 ایک روزہ مقابلوں کی فہرست پیش کررہے ہیں، جہاں پاکستان کو 250 رنز یا اس سے زیادہ ہدف درپیش آیا اور سب میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

250 یا اس سے زائد ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی مسلسل شکستیں

بمقابلہ اسکور ہدف نتیجہ بمقام بتاریخ
پاکستان نیوزی لینڈ 254 312 شکست آکلینڈ 5 فروری 2011ء
پاکستان نیوزی لینڈ 192 303 شکست پالی کیلے 8 مارچ 2011ء
پاکستان بھارت 231 261 شکست موہالی 30 مارچ 2011ء
پاکستان انگلستان 130 261 شکست ابوظہبی 13 فروری 2012ء
پاکستان انگلستان 230 251 شکست ابوظہبی 15 فروری 2012ء
پاکستان سری لنکا 204 281 شکست پالی کیلے 9 جون 2012ء
پاکستان جنوبی افریقہ 190 316 شکست بلوم فاؤنٹین 10 مارچ 2013ء
پاکستان جنوبی افریقہ 309 344 شکست جوہانسبرگ 17 مارچ 2013ء
پاکستان جنوبی افریقہ 191 260 شکست ابوظہبی 6 نومبر 2013ء
پاکستان جنوبی افریقہ 238 267 شکست ابوظہبی 8 نومبر 2013ء
پاکستان جنوبی افریقہ 151 269 شکست شارجہ 11 نومبر 2013ء
پاکستان سری لنکا 284 297 شکست فتح اللہ 25 فروری 2014ء