الفاظ کی جنگ، وارنر کا جنوبی افریقہ پر بال ٹمپرنگ کا الزام

1 1,060

انگلستان کے خلاف ایشیز جیتنے کے بعد آسٹریلیا نے سمجھ لیا ہے کہ ہر سیریز جیتنے کی 'گیدڑ سنگھی' یہ ہے کہ دوسری ٹیم کو اپنی بد زبانی سے زیر کیا جائے۔ انگلستان کے خلاف تو یہ حکمت عملی چل گئی لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا پورٹ ایلزبتھ میں جس بری طرح شکست سے دوچار ہوا اس سے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی گز بھر لمبی زبانیں گویا گنگ ہی ہوگئیں۔البتہ 'فریضہ' انجام دینے کو ڈیوڈ وارنر آگے آئے اور جنوبی افریقہ پر الزام دھر دیا کہ انہوں نے گیند کے ساتھ چھیڑچھاڑ کی۔

حریف پر الزام لگانے پر ڈیوڈ وارنر کو 15 فیصد میچ فیس کا جرمانہ لگایا گیا ہے (تصویر: Phillip Brown)
حریف پر الزام لگانے پر ڈیوڈ وارنر کو 15 فیصد میچ فیس کا جرمانہ لگایا گیا ہے (تصویر: Phillip Brown)

پورٹ ایلزبتھ میں 448 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو 126 رنز کا افتتاحی آغاز ملا جبکہ 152 تک بھی اس کی محض ایک ہی وکٹ گری تھی لیکن اس کے بعد ڈيل اسٹین کے ہاتھوں مہمان ٹیم کی اننگز کا جنازہ نکل گیا، پہلے 166 تک 6 اور 216 پر تمام کھلاڑی آؤٹ! یوں جنوبی افریقہ 231 رنز سے ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

اس مایوس کن شکست کے بعد اسکائی اسپورٹس ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے الزام لگایا ہے کہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر ابراہم ڈی ولیئرز بار بار اپنے دستانوں سے گیند کو کھرچ رہے تھے تاکہ اسے ایک طرف سے زیادہ سے زیادہ کھردرا کرسکیں اور ان کے باؤلرز کو ریورس سوئنگ میں مدد ملے سکے۔

جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ وارنر کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وارنر کے بیان کو بہت کم لوگوں سے سنجیدہ لیا ہوگا اور ہم یہی سمجھتے ہيں کہ 'انگور کھٹے ہیں' ۔ ٹیم مینیجر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ یہ کیپ ٹاؤن میں تیسرے و اہم ترین ٹیسٹ سے قبل ہماری توجہ بٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ دوسری جانب کوچ رسل ڈومنگو نے کہا ہے کہ وارنر کے اس بیان نے ہمارے حوصلے مزید بلند کردیے ہیں۔ گو کہ یہ الزامات افسوسناک ہیں لیکن اس سے ہمیں تحریک ملی ہے۔

ادھر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈیوڈ وارنر پر 15 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائدکر دیا گیا ہے جو 2880 ڈالرز بنتا ہے۔ میچ ریفری روشن مہانامہ نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر حریف کھلاڑیوں پر سرعام الزامات لگانے کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ڈیوڈ آئندہ ایسے تبصروں سے پرہیز کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فف دو پلیسی گیند کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے دھر لیے گئے تھے۔ انہیں کیمرے کی آنکھ نے گیند کو ٹراؤزر کی زپ پر رگڑتے ہوئے پکڑ لیا تھا اور امپائروں نے گیند تبدیل کرکے پاکستان کو 5 رنز عنایت کیے تھے۔ بعد ازاں آئی سی سی نے فف دو پلیسی پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا تھا۔