[ریکارڈز] پاکستان کی کم ترین مارجن سے حاصل کردہ فتوحات

0 1,021

پاکستان نے ایشیا کپ 2014ء کے اہم ترین مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض ایک وکٹ سے شکست دی اور اعزاز کے دفاع کےلیے فائنل میں جگہ پانےکا مضبوط امیدوار بن گیا۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف محض ایک وکٹ سے مقابلہ جیتا ہو۔

جاوید میانداد کا شارجہ والا مقابلہ کمترین مارجن کی فتوحات میں سب سے یادگار تھا (تصویر: ESPNCricinfo)
جاوید میانداد کا شارجہ والا مقابلہ کمترین مارجن کی فتوحات میں سب سے یادگار تھا (تصویر: ESPNCricinfo)

اس سے پہلے واحد مقابلہ 1986ء کا وہ آسٹریلیشیا کپ کا تاریخی فائنل تھا جس کی آخری گیند پر جاوید میانداد نے چیتن شرما کو چھکا رسید کرکے پاکستان کامیابی دلائی تھی۔ اس گیند پر پاکستان کو جیتنے کےلیے چار رنز کی ضرورت تھی اور جاوید میانداد نے مڈ وکٹ پر ایک شاندار چھکے کے ذریعے اس فتح کو ممکن بنایا تھا۔

اب 28 سال بعد میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کو ایسی ہی گمبھیر صورتحال کا سامنا تھا جسے آخری 4 گیندوں پر 9 رنز کی ضرورت تھی اور شاہد آفریدی نے آف اسپنر روی چندر آشون کو دو مسلسل گیندوں پر دو چھکے لگا کر پاکستان کو فتحیاب کیا۔

مجموعی طور پر تقریباً تین ہزار مقابلوں پر مشتمل ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں محض 52 مقابلے ایسے رہے ہیں جن میں کوئی ٹیم 1 وکٹ کے کمترین مارجن سے جیتی ہو ان میں سے پاکستان نے صرف 7 مرتبہ کوئی مقابلہ ایک وکٹ سے جیتا، جن میں سے مذکورہ دو مقابلے روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گئے۔

اس کےعلاوہ عالمی کپ 1987ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لاہور میں اور 2010ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں عبد الرزاق کی ناقابل یقین سنچری کی بدولت جیتے گئے مقابلے بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

ذیل میں ہم قارئین کو ان مقابلوں کی فہرست پیش کررہے ہیں جو پاکستان نے 1 وکٹ کے مارجن سے جیتے۔ امید ہے معلومات میں اضافےکا باعث ہوگا:

پاکستان کی کمترین مارجن سے حاصل کردہ فتوحات

(بلحاظ وکٹوں کی تعداد)

فاتح فتح کا مارجن باقی گیندیں ہدف اوورز بمقابلہ بمقام بتاریخ
 پاکستان 1 وکٹ 0 214 35 نیوزی لینڈ ملتان 7 دسمبر 1984ء
پاکستان 1 وکٹ 0 246 50 بھارت شارجہ 18 اپریل 1986ء
پاکستان 1 وکٹ 1 274 49.5 آسٹریلیا پرتھ 2 جنوری 1987ء
پاکستان 1 وکٹ 0 217 50 ویسٹ انڈیز لاہور 16 اکتوبر 1987ء
پاکستان 1 وکٹ 1 287 49.5 جنوبی افریقہ ابوظہبی 31 اکتوبر 2010ء
پاکستان 1 وکٹ 1 275 49.5 جنوبی افریقہ دبئی 5 نومبر 2010ء
پاکستان 1 وکٹ 2 246 49.4 بھارت ڈھاکہ 2 مارچ 2014ء