سچن نہیں بلکہ لارا عظیم ترین بیٹسمین تھے: ژاک کیلس

5 1,113

اٹھارہ سالہ طویل کیریئر میں 'گھاٹ گھاٹ کا پانی پینے والے' جنوبی افریقہ کے عظیم آل راؤنڈر ژاک کیلس نے کہا ہے کہ اپنے کیریئر میں مدمقابل کھلاڑیوں میں سے برائن لارا عظیم ترین بلے باز تھے، سچن نہیں۔

سچن کی کھیل کے لیے خدمات اپنی جگہ لیکن جس بہترین بلے باز کا میں نے سامنا کیا وہ لارا تھا: کیلس (تصویر: BCCI)
سچن کی کھیل کے لیے خدمات اپنی جگہ لیکن جس بہترین بلے باز کا میں نے سامنا کیا وہ لارا تھا: کیلس (تصویر: BCCI)

گزشتہ روز نیولینڈز 10 ویں سالانہ سال نو خطاب کے سلسلے میں سوال و جواب کے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے 'کنگ کیلس' نے کہا کہ میں سچن کا بہت احترام کرتا ہوں اور انہوں نے اپنے کیریئر میں جو کامیابیاں سمیٹیں وہ محیر العقول ہیں۔ ان کے خلاف مقابلوں کا میں نے بھرپور لطف اٹھایا اور یہ میری بہترین یادوں میں شامل ہیں لیکن بصد احترام میں سمجھتا ہوں کہ میرے عہد کا بہترین بلے باز برائن لارا تھا۔

ژاک کیلس نے اپنے زمانے کے بہترین تیز اور اسپن باؤلر کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر پاکستان کے وسیم اکرم اور آسٹریلیا کے شین وارن کے نام لیے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم گیند کو دونوں جانب سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ شین وارن کو یہ ملکہ حاصل تھا کہ وہ کھیل پر گرفت کرلیتے تھے اور حالات کے حساب سے جارح مزاجی یا دفاعی اسلوب اختیار کرتے۔

39 سالہ ژاک کیلس نے 166 ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل کیریئر میں 13 ہزار 289 رنز بنائے اور 292 وکٹیں بھی حاصل کیں اور حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہا ہے۔ سچن تنڈولکر نے بھی تقریباً انہی ایام میں دنیائے کرکٹ کو الوداع کہا۔