افغانستان کو زیر کرتے ہوئے سری لنکا فائنل میں

0 1,012

ایشیا کپ میں سری لنکا کی فتوحات کا سلسلہ میرپور، ڈھاکہ میں بھی جاری رہا جہاں اس نے نوآموز افغانستان پر باآسانی قابو پاتے ہوئے فائنل میں اپنی نشست پکی کرلی۔

کمار سنگاکارا نے ایک مرتبہ پھر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا (تصویر: AP)
کمار سنگاکارا نے ایک مرتبہ پھر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا (تصویر: AP)

افغانستان، جس نے دو روز قبل بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی فتح سمیٹی، آج بالکل لنکا کی طاقت کے سامنے بالکل ہی ہتھیار ڈال دیے۔ گو کہ انہوں نے ابتداء اچھی کی اور تہرے ہندسے میں پہنچنے سے قبل سری لنکا لاہیرو تھریمانے، کوشال پیریرا اور مہیلا جے وردھنے کی قیمتی وکٹیں حاصل کر ڈالیں لیکن سری لنکا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو نکیل نہیں ڈال سکے۔ کمار سنگاکارا، جنہوں نے بھارت کے خلاف اہم ترین مقابلے میں ٹیم کو سنچری کے ذریعے کامیابی دلائی تھی، بہترین فارم میں تھے اور دوسرے اینڈ سے دنیش چندیمال کے ساتھ انہوں نے 74 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کی۔

اسکور 157 رنز تک پہنچنے کے بعد افغانستان نے مقابلے میں واپس آنے کی دوسری، اور آخری، کوشش کی اور یکے بعد دیگرے چندیمال، سنگاکارا اور چتورنگا ڈی سلوا کی وکٹیں حاصل کیں۔ چندیمال 26، سنگا 76 اور ڈی سلوا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس مقام پر اینجلو میتھیوز نے قائدانہ باری کھیلی اور آل راؤنڈر تھیسارا پیریرا کے ساتھ مل کر آخری 8 اوورز میں ناقابل شکست 69رنز کا اضافہ کیا۔ اینجلو 41 گیندوں پر 45 اور پیریرا 19 رنز پرناٹ آؤٹ میدان سے لوٹے۔

افغانستان نے آٹھ گیندباز آزمائے اور میرواعظ اشرف دو اور شاہپور زدران، دولت زدران اور حمزہ ہوتک ایک، ایک وکٹ کے ساتھ کامیاب باؤلر رہے۔

افغانستان کی بیٹنگ صلاحیت، اور سری لنکا کی باؤلنگ بالخصوص اسپن قوت، کو دیکھتے ہوئے 254 رنز کا ہدف کافی سے زیادہ تھا اور کچھ ہی دیر میں یہ بات ثابت بھی ہوگئی۔ دوسری وکٹ پر اصغر ستانکزئی اور نور علی زدران کی 45 اور چھٹی وکٹ پر کپتان محمد نبی اور نجیب اللہ زدران کی 48 رنز کی شراکت داری کے علاوہ کوئی قابل ذکر مزاحمت نہ ہوسکی اور پوری ٹیم 39 ویں اوور میں 124 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے اجنتھا مینڈس اور تھیسارا پیریرا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کمار سنگاکارا نے ٹورنامنٹ میں ایک مرتبہ پھر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

بونس پوائنٹ کے ساتھ ملنے والی اس فتح کے نتیجے میں سری لنکا کی ایشیا کپ فائنل میں نشست بالکل یقینی ہوگئی ہے۔ سری لنکا اب تک ٹورنامنٹ کی واحد ٹیم ہے جسے کسی مقابلے میں شکست نہیں ہوئی ہے بلکہ اس کی ایک روزہ مقابلوں میں فتوحات کا تسلسل ایشیا کپ کے آغاز سے پہلے ہی جاری تھا جب اس نے بنگلہ دیش کو تین-صفر سے ون ڈے سیریز ہرائی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فائنل میں سری لنکا کے مدمقابل کون آتا ہے۔ غالب امکان یہی ہے کہ مقابلہ پاکستان سے ہوگا، جو گزشتہ روز روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر اپنے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن کرچکا ہے۔