[ریکارڈز] بنگلہ دیش کا بہترین ایک روزہ مجموعہ
بنگلہ دیش افغانستان کے خلاف مایوس کن شکست اور پاکستان روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار فتح کے بعد میرپور، ڈھاکہ میں مدمقابل آئے تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلرز شمار کیے جانے والے پاکستانی گیندباز ان بیٹسمینوں کے سامنے بھیگی بلی بن جائیں گے جو چند روز قبل افغان باؤلرز کے رحم و کرم پر تھے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف اہم مقابلے میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز جڑ دیے ہیں۔ یعنی کہ 327 رنز کا ایسا ہدف جو پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں کبھی کامیابی سے حاصل نہیں کیا۔
جن باؤلرز کے سامنے بھارت کی جانی مانی بیٹنگ لائن اپ بھی قسمت کے بل بوتے پر ہی 245 رنز تک پہنچ پائی تھی، میرپور کے اسی میدان پر میزبان بلے بازوں کے رحم و کرم پر تھی۔ انعام الحق او رامر القیس کے درمیان 150 رنز کی افتتاحی شراکت داری اور بعد ازاں کپتان مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کے درمیان 34 گیندوں پر 77 رنز سے کمال ہی کر دکھایا۔ میدان میں موجود ہزاروں تماشائی فرط جذبات سے جھوم اٹھے۔
326 رنز بنگلہ دیش کی ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش سنے زمبابوے کے خلاف اگست 2009ء میں 320 رنز بنائے تھے اور مقابلہ جیتا تھا جکہ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کا سب سے بڑا اسکور 285 رنز تھا جو اس نے اپریل 2008ء میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنایا تھا اور اس کے باوجود شکست بھی کھائی تھی۔
ہم ذیل میں بنگلہ دیش کے ایک روزہ تاریخ کے بہترین مجموعے ایک جگہ پر پیش کررہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ قارئین کی معلومات میں اضافہ کریں گے۔
بنگلہ دیش کے بہترین ایک روزہ مجموعے
رنز | نتیجہ | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
بنگلہ دیش | 326/3 | مقابلہ جاری | پاکستان | ڈھاکہ | 4 مارچ 2014ء |
بنگلہ دیش | 320/8 | فتح | زمبابوے | بلاوایو | 11 اگست 2009ء |
بنگلہ دیش | 313/6 | فتح | زمبابوے | بلاوایو | 16 اگست 2009ء |
بنگلہ دیش | 309/6 | فتح | نیوزی لینڈ | فتح اللہ | 3 نومبر 2013ء |
بنگلہ دیش | 301/7 | فتح | کینیا | بوگرہ | 17 مارچ 2006ء |
بنگلہ دیش | 300/8 | فتح | متحدہ عرب امارات | لاہور | 24 جون 2008ء |
بنگلہ دیش | 296/6 | شکست | بھارت | ڈھاکہ | 7 جنوری 2010ء |
بنگلہ دیش | 295/6 | شکست | آسٹریلیا | ڈھاکہ | 13 اپریل 2011ء |
بنگلہ دیش | 293/7 | فتح | آئرلینڈ | ڈھاکہ | 22 مارچ 2008ء |
بنگلہ دیش | 293/5 | فتح | بھارت | ڈھاکہ | 16 مارچ 2012ء |