[عالمی درجہ بندی] بھارت چیمپئن نہ بن سکا لیکن کوہلی نمبر ون بن گئے

0 1,015

بھارت ایشیائی چیمپئن تو نہ بن سکا لیکن ٹورنامنٹ کے اختتام پر ویراٹ کوہلی نے ضرور بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔

بھارت ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں دونوں اہم مقابلوں میں شکست کھا کر ایشیا کپ سے باہر ہوا (تصویر: Getty Images)
بھارت ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں دونوں اہم مقابلوں میں شکست کھا کر ایشیا کپ سے باہر ہوا (تصویر: Getty Images)

ایشیا کپ 2014ء کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے تازہ کی جانے والی درجہ بندی کے مطابق ویراٹ کوہلی ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل نمبر ایک ابراہم ڈی ولیئرز سے دو پوائنٹس پیچھے تھے لیکن تین اننگز میں 189 رنز، جس میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی 136 رنز کی اننگز بھی شامل ہے، نے انہیں 12 پوائنٹس سے نواز دیا یوں وہ جنوبی افریقہ کے کپتان کو پچھاڑ کر نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف 136 رنز کی اننگز انہیں کیریئر کے بہترین 886 پوائنٹس تک لے گئی تھی لیکن سری لنکا کے خلاف 48 اور پاکستان کے خلاف محض 5 رنز انہیں 881 پوائنٹس پر واپس لے آئے جبکہ افغانستان کے خلاف مقابلے میں انہوں نے بیٹنگ ہی نہیں کی۔

ٹورنامنٹ میں بلے بازی کے بہترین مظاہروں کی بدولت پوزیشنوں میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ سری لنکا کے لاہیرو تھریمانے، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا، نے سب سے زیادہ پیشرفت کی۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سری لنکن افتتاحی بلے باز 29 درجے پھلانگ کر کیریئر کی بہترین 39 ویں پزیشن پر آ گئے ہیں۔ انہوں نےایشیا کپ میں دو سنچریوں کے ساتھ کل 279 رنز بنائے۔

درست سمت میں گامزن دیگر بلے بازوں میں شیکھر دھاون ، پاکستان کے احمد شہزاد، عمر اکمل، روہیت شرما، اینجلو میتھیوز، مشفق الرحیم، شاہد آفریدی اور رویندر جدیجا شامل ہیں۔ احمد شہزاد نے چار درجے ترقی پا کر 17 واں مقام حاصل کیا جبکہ عمر اکمل چھ درجے پھلانگ کر 19 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دو مقابلوں میں دھواں دار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرنے والے شاہد آفریدی پانچ درجوں کی ترقی کے بعد اب 44 ویں نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ویسٹ انڈیز-انگلستان ایک روزہ سیریز کے نتائج بھی شامل ہیں جس میں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے انگلستان کے جو روٹ نے سب سے زیادہ فائدہ ٹھایا ہے۔ وہ 29 درجے پھلانگ کر 43 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

دریں اثناء، رویندر جدیجا، محمد حفیظ او رروی چندر آشون سرفہرست 20 ایک روزہ باؤلرز میں سب سے زیادہ ترقی پانے والے گیندباز رہے۔

جدیجا نے چار درجے پھلانگ کر اب عالمی درجہ بندی میں پانچواں مقام حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ کے 4 مقابلوں میں سات وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ پندرہویں سے بارہویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آشون کی سیریز میں نو وکٹیں انہیں اکیسویں سے چودہویں نمبر پر لے آئی ہیں۔

گیندبازوں میں نمبر ایک پوزیشن بدستور پاکستان کے سعید اجمل کو حاصل ہے جنہیں اپنے قریبی ترین حریف جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پر 47 رنز کی واضح برتری حاصل ہے۔

اگر اجتماعی سطح پر دیکھا جائے تو آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ بدستور عالمی نمبر ایک ہے جبکہ ایشین چیمپئن سری لنکا گو کہ بدستور عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر ہے لیکن بھارت اور اس کے درمیان اب فاصلہ صرف ایک پوائنٹ کا رہ گیا ہے۔

ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کرک نامہ کے اس صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔