[ورلڈ ٹی ٹوئنٹی] اسٹین ریموور! دنیا کا خطرناک ترین باؤلر

3 1,064

تمام طرز کی کرکٹ میں اس وقت دنیا کا خطرناک ترین باؤلر کون ہے؟ اگر یہ سوال آج سے دس بارہ سال پہلے کیا جاتا تو شاید اس کا جواب کچھ مشکل ہوتا لیکن اب یہ آسان ترین سوال بن چکا ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین جو موجود ہیں۔ اسٹین اس وقت تیز باؤلنگ کی دنیا کے بلاشرکت غیرے بادشاہ ہیں اور یہ بات پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ سے بہتر کون جانتا ہوگا جو اب تک مختلف طرز کی کرکٹ میں 15 مرتبہ اسٹین کا نشانہ بن چکے ہیں اور ہوسکتا ہےکہ یہ سلسلہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مزید دراز ہوجائے۔

اسٹین اس وقت دنیا کے بہترین باؤلر ہیں اور یہ بات محمد حفیظ سے بہتر کوئی نہیں جانتا ہوگا (تصویر: AFP)
اسٹین اس وقت دنیا کے بہترین باؤلر ہیں اور یہ بات محمد حفیظ سے بہتر کوئی نہیں جانتا ہوگا (تصویر: AFP)

ڈیل اسٹین اس وقت ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے، ایک روزہ میں دوسرے اور ٹی ٹوئنٹی میں دسویں ویں نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی تیز باؤلرز کی تاریخ میں خود کو ایلن ڈونلڈ کا حقیقی جانشیں ثابت کیا ہے اور اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ ہم تیز باؤلنگ میں ڈیل اسٹین کے عہد میں جی رہے ہیں۔

تن تنہا جنوبی افریقہ کو فتوحات سے ہمکنار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈیل اسٹین اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں 531 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جن میں ان کا سب سے شاندار اوسط ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہے۔ 15.78 کے اوسط سے 46 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کرنے والے اسٹین کی بہترین باؤلنگ 9 رنز دے کر 4 وکٹیں ہے جبکہ ٹیسٹ اور ایک روزہ میں بھی ان کا اوسط کا تقابل ماضی کے بہترین باؤلرز کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ ٹیسٹ میں 23.01 کے اوسط سے 362 وکٹیں اور ایک روزہ میں 25.49 کےاوسط سے 123 وکٹیں ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

اور اگر گیندبازی میں جنوبی افریقہ کا اس وقت کوئی کھلاڑی ایسا ہے جو اسے پہلی بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء جتوا سکتا ہے تو وہ صرف اور صرف ڈیل اسٹین ہے۔ ان کی صلاحیتوں کا ہلکا سا اظہار مندرجہ ذیل وڈیو میں دیکھیں، جب پاکستان کے بلے باز ان کے عتاب کا نشانہ بنے۔