عالمی درجہ بندی کا اعلان، دلشان تیسرے نمبر پر آ گئے

2 1,043

عالمی کپ 2011ء کے اختتام کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی (رینکنگ) جاری ہوئی ہے جس میں ٹیموں کی درجہ بندی میں تو کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی لیکن کھلاڑیوں نے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔

عالمی کپ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ یعنی 500 رنز بنانے والے سری لنکا کے تلکارتنے دلشان کیریئر کے بہترین تیسرے درجے پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے شاہد آفریدی باؤلرز کی درجہ بندی میں ٹاپ ٹین میں آ گئے ہیں

پیر کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عالمی کپ کے فاتح بھارتی دستے کے اراکین سچن ٹنڈولکر اور گوتم گمبھیر نے بھی بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں ترقی پائی ہے۔ ماسٹر بلاسٹر ایک درجہ ترقی پاکر نویں جبکہ فائنل میں 97 رنز کی فتح گر اننگ کھیلنے والے گوتم 4 درجے پھلانگ کر 10 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

سری لنکا کے قائد کمار سنگاکارا بدستور بلے بازوں میں چوتھے درجے پر فائز ہیں جبکہ مین آف دی ٹورنامنٹ یووراج سنگھ بدستور 17 ویں پوزیشن پر ہیں۔
کرک نامہ کی عالمی ورلڈ الیون میں شامل ایسوسی ایٹ ٹیموں کے واحد رکن ریان ٹین ڈیسکاٹے دنیا کے سرفہرست 20 بلے بازوں میں آ گئے ہیں اور اب 16 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

دیگر اہم بلے بازوں میں انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ چار درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر، جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس تین درجے پھلانگ کر 12 ویں جبکہ پاکستان کے مصباح الحق 3 درجے آگے بڑھ کر 36 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ولیئرز بدستور سرفہرست دونوں پوزیشنوں پر قابض ہیں۔

دوسری جانب ایک روزہ کرکٹ میں باؤلرز کی درجہ بندی میں اس مرتبہ سب سے زیادہ ترقی سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے کی ہے جو 9 درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی عالمی کپ 2011 ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے بعد ٹاپ ٹین میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے پانچ درجے پھلانگ کر نویں پوزیشن ہتھیا لی ہے۔ پاکستان کے سعید اجمل بھی 9 درجے ترقی پا کر 20 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ عالمی کپ میں اپنی اسپن باؤلنگ کا جادو جگانے والے محمد حفیظ 36 ویں درجے پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے 25 درجے عبور کیے۔ سری لنکا کے نووان کولاسیکرا متاثر کن باؤلنگ کا مظاہرہ نہ کر پانے کے باعث 5 درجے تنزلی کے بعد 10 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری، زمبابوے کے رے پرائس، انگلستان کے گریم سوان اور افریقہ کے ڈیل اسٹین بالترتیب اولین چار پوزیشنوں پر بدستور قابض ہیں۔

آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بنگلہ دیشی قائد شکیب الحسن بدستور پہلے، آسٹریلیا کے شین واٹسن دوسرے اور پاکستان کے شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھی پوزیشن اس مرتبہ یووراج سنگھ کے ہاتھ آئی ہے جبکہ ژاک کیلس پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

عالمی کپ 2011ء میں شاندار فتح کے بعد سرفہرست آسٹریلیا اور دوسرے نمبر پر موجود بھارت کے درمیان فاصلہ مزید کم ہو گیا ہے اور آسٹریلیا کی برتری محض 7 پوائنٹس کی رہ گئی ہے تاہم بنگلہ دیش کے خلاف اگلے ہفتے ہونے والی ایک روزہ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کے پاس اس برتری کو بڑھانے کا سنہری موقع ہوگا۔

مسلسل دوسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا سری لنکا بدستور تیسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی پوزیشن چوتھی ہے۔ اس کے بعد انگلستان، پاکستان اور نیوزی لینڈ بدستور پانچویں، چھٹی اور ساتویں پوزیشنوں پر ہیں۔