پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے فیورٹ ہے: انضمام الحق

0 1,065

پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کی نظر میں پاکستان دیگر ٹیموں کے مقابلے میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اعزاز کا کہیں زیادہ بہتر امیدوار ہے اور بھارت کے خلاف مقابلے میں فتح پاکستان کے امکانات کو مزید بڑھا دے گی۔

دھونی کی واپسی سے بھارتی ٹیم مضبوط ضرور ہوئی ہے لیکن پاکستان اس مقابلے میں جیتے گا، انضمام کی پیشنگوئی (تصویر: PCB)
دھونی کی واپسی سے بھارتی ٹیم مضبوط ضرور ہوئی ہے لیکن پاکستان اس مقابلے میں جیتے گا، انضمام کی پیشنگوئی (تصویر: PCB)

1992ء میں عالمی کپ جیتنے والے پاکستانی دستے کے رکن انضمام الحق نے شاہد آفریدی اور جنید خان کی کارکردگی کو پاکستان کے لیے اہم ترین قرار دیا اور کہا کہ شاہد آفریدی کے اندر یہ صلاحیت ہے کہ اسے کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا جائے وہ کارکردگی دکھا سکتا ہے جبکہ جنید خان بازی پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سہیل تنویر کے حوالے سے انضمام کا کہنا تھا کہ سہیل ایک آل راؤنڈر ہے اور پاکستان کو اس وقت ایک آل راؤنڈر کی سخت ضرورت بھی ہے اس لیے میگا ایونٹ میں سہیل تنویر کو اسی حیثیت سے کھلانا چاہیے۔

انضمام نے کہا کہ پاک-بھارت میچ میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا اور مہندر سنگھ دھونی کی واپسی سے بھارت مضبوط ضرور ہوا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان یہ میچ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے۔

پاکستان 21 مارچ کو روایتی حریف کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے باضابطہ مقابلے سے قبل آج نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ کھیل رہا ہے جبکہ 19 مارچ کو لہو گرمانے کے لیے جنوبی افریقہ سے بھی کھیلے گا اور ان دونوں مقابلوں کی کارکردگی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے سپر 10 مرحلے کے آغاز سے قبل ذہنی طور پر تیار کرے گی۔