نیدرلینڈز متحدہ عرب امارات پر غالب آ گیا

0 1,037

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے کے دوسرے روز نیدرلینڈز نے متحدہ عرب امارات کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ایک روز قبل اٹھنے والے ہنگامے کے باوجود ڈچ ٹیم پر اس کے کوئی اثرات نہیں دکھائی دیے اور کمزور بیٹنگ لائن سمجھے جانے کے باوجود اس نے باآسانی 152 رنز کا تعاقب کرلیا۔

آخری لمحات میں ٹیم میں شامل ہونے والے ٹام کوپر نے نیدرلینڈز کو آسان کامیابی دلائی (تصویر: ICC)
آخری لمحات میں ٹیم میں شامل ہونے والے ٹام کوپر نے نیدرلینڈز کو آسان کامیابی دلائی (تصویر: ICC)

سلہٹ کے میدان پر کھیلا گیا دن کا دوسرا مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا۔ جہاں متحدہ عرب امارات 12 رنز پر دو وکٹیں گنوانے کے بعد 151 رنز کا مجموعہ سجا کر بھی اس کا دفاع نہیں کر پایا۔ کپتان خرم خان کے 31 اور شیمن انور کے 32 رنز اور سوپنل پٹیل اور روہن مصطفیٰ کی کارآمد اننگز کی بدولت متحدہ عرب امارات ایک اچھا بھلا اسکور بنانے میں کامیاب ہو تو گیا لیکن ڈچ اوپنرز اسٹیفن مائی برگ اور مائیکل سوارٹ کے درمیان 40 گیندوں پر 69 رنز کی افتتاحی شراکت داری نے ہی اسے مقابلے سے باہر پھینک دیا۔

مائی برگ کی 36 گیندوں پر دو چھکوں اور 7 چوکوں سے مزین 55 رنز کی اننگز نے نیدرلینڈز کی اننگز کو تحریک فراہم کردی جس کو بنیاد بنا کر تجربہ کار ٹام کوپر کے ناقابل شکست 34 رنز 19 ویں اوور ہی میں ہدف تک پہنچا گئے۔

ٹام کوپر کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔