شاہد آفریدی کا دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے دستیابی کا اعلان

0 1,032

پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کر دیا ہے۔ چند روز قبل انہوں نے کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے انہیں آرام کا موقع دے لیکن شائقین کے بے حد اصرار پر وہ اپنے مطالبے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

پاکستانی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے قائد شاہد آفریدی گزشتہ سال دورۂ انگلستان کے بعد سے اب تک مسلسل ٹیم کےساتھ مصروف رہے ہیں جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز اور دورۂ نیوزی لینڈ اور اس کے بعد عالمی کپ 2011ء شامل ہے۔

شاہد نے کہا کہ وہ کئی ماہ تک کرکٹ کھیلنے کے بعد کچھ آرام چاہ رہے تھے لیکن اب انہوں نے فیصلہ تبدیل کر لیا ہے اور اب وہ ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے دورے پر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورے سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد سے اب انہیں شائقین اور چاہنے والوں کی جانب سے مسلسل پیغامات مل رہے تھے کہ وہ دورے پر جائیں اس لیے انہوں نے بے حد اصرار پر یہ فیصلہ تبدیل کیا ہے۔

پاکستان دورۂ ویسٹ انڈیز میں اپنا پہلا میچ 18 اپریل کو ایک وارم اپ کی صورت میں کھیلے گا جس کے بعد میزبان ٹیم کے خلاف 5 ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ دورے میں ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ شاہد خان آفریدی عالمی کپ 2011ء میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 8 مقابلوں میں 21 کھلاڑی شکار کیے تھے تاہم بلے بازی میں وہ کوئی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔