اہم مقابلوں سے قبل سری لنکا اور جنوبی افریقہ کو دھچکا، کپتانوں پر پابندی عائد

3 1,035

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اہم ترین مرحلے پر جنوبی افریقہ اور سری لنکا کو سخت دھچکا پہنچا ہے کیونکہ دونوں کے کپتانوں پر ایک، ایک میچ کی پابندی لگا دی گئی ہے۔

دونوں کپتان گروپ کا اہم ترین مقابلہ باہر بیٹھ کر دیکھیں گے (فائل فوٹو)
دونوں کپتان گروپ کا اہم ترین مقابلہ باہر بیٹھ کر دیکھیں گے (فائل فوٹو)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مقررہ میچ ریفریوں نے پہلے سری لنکا کے قائد دنیش چندیمال کو انگلستان کے خلاف مقابلے میں اوورز پھینکنے کی سست شرح پر دھر لیا اور اس کے کچھ ہی دیر بعد جنوبی افریقہ کے کپتان فف دو پلیسی بھی اسی 'جرم' کے مرتکب قرار دیے گئے۔ اب سری لنکا نیوزی لینڈ کے خلاف اور جنوبی افریقہ انگلستان کے خلاف گروپ کا اہم ترین مقابلہ بغیر کپتان کے کھیلے گا۔

فف دو پلیسی کو اسی ٹورنامنٹ میں پہلی بار اس وقت 'سلو اوور ریٹ' پر 40 فیصد میچ فیس کا جرمانہ برداشت کرنا پڑا جب نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ان کے باؤلرز وقت مقررہ پر پورے اوورز نہ پھینک پائے تھے۔ اب محض چند دنوں کے فاصلے سے ایک اور مقابلے میں سست روی کی سزا فف کو بھگتنا پڑی ہے۔ وہ انگلستان کے خلاف اہم ترین میچ باہر بیٹھ کر دیکھیں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں جنوبی افریقہ کی قیادت ابراہم ڈی ولیئرز ٹیم کریں گے۔

قبل ازیں سری لنکا کے کپتان دنیش چندیمال بھی اسی سزا کے مستوجب ٹھہرے تھے۔ دنیش کو گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے میں 'سلو اوور ریٹ' پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور اب چار ماہ بعد دوسری بار ٹیم کے باؤلرز سے وقت مقرر پر اوورز نہ کروانے پر میچ ریفری ڈیوڈ بون نے ان پر پابندی عائد کی ہے۔ اس کے علاوہ 20 فیصد میچ فیس بھی بطور جرمانہ ادا کرنا پڑے گی۔ چندیمال کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں سری لنکا کی قیادت کے فرائض لاستھ مالنگا انجام دیں گے۔ علاوہ ازیں حریف کپتان اسٹورٹ براڈ پر پہلی غلطی کی وجہ سے صرف جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیمیں اس وقت گروپ ایک میں سرفہرست ہیں البتہ سری لنکا کو رن ریٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ پر سبقت حاصل ہے۔ اگلے دونوں مقابلے ان کی سیمی فائنل کی جانب پیشرفت کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔