کلارک کی قائدانہ اننگ، بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا فتحیاب

1 1,047

مائیکل کلارک نے سنچری جڑ کر نہ صرف بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا کی کامیابی کی راہ ہموار کی بلکہ کل وقتی کپتان کے طور پر کیریئر کا شاندار آغاز کیا ہے۔

عالمی کپ 2011ء میں کوارٹر فائنل شکست کے بعد باہر ہونے والی چار مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش پہنچی ہے جہاں اس کا پہلا مقابلہ ہفتہ کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ میں ہوا جہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اولین 14 اوورز ہی میں تین وکٹوں کا نقصان کے بعد یہ کلارک ہی کی ذمہ دارانہ اننگ تھی جس نے آسٹریلیا کی فتح کی بنیاد رکھی اور وہ اسکور بورڈ پر 270 رنز کا مجموعہ اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ اس ہدف تک پہنچنے کے لیے شین واٹسن نے 37، رکی پونٹنگ نے 34، مائیکل ہسی نے 33 اور مچل جانسن نے 26 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ بنگلہ دیشی باؤلرز آسٹریلیا کی 7 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مائیکل کلارک کی 111 گیندوں پر مشتمل 101 رنز کی اننگ میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ یہ بطور کل وقتی کپتان ان کی پہلی اننگ تھی جبکہ رکی پونٹنگ جنہوں نے عالمی کپ میں آسٹریلیا کی قیادت کی تھی ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہوئے۔

مائیکل کلارک، قائدانہ اور فتح گر سنچری (ایسوسی ایٹڈ پریس)

بنگلہ دیش کی جانب سے سہروردی شوو نے 3 اور مشرفی مرتضی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبد الرزاق کو ایک وکٹ ملی۔

لیکن 271 رنز کا ہدف ان کے لیے بہت زیادہ تھا کیونکہ بنگلہ دیش کی پوری تاریخ میں وہ صرف دو مرتبہ ہی اتنے بڑے ہدف کو عبور کر پایا ہے۔ اور یہی دباؤ بنگلہ دیش کی اننگ کے آغاز ہی میں نظر آیا جہاں 9 رنز پر ہی اس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ 49 تک پہنچتے پہنچتے رقیب الحسن کی صورت میں تیسری وکٹ بھی گر گئی۔

اس موقع پر تمیم اقبال اور کپتان شکیب الحسن نے اننگ کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ پر 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ تمیم اقبال نے 89 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے جبکہ شکیب الحسن 3 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا سکے لیکن یہ دونوں کی سست رفتار بیٹنگ ہی تھی جو بنگلہ دیش کی شکست کا سبب بنی۔ 89 گیندیں تمیم اقبال نے اور 90 گیندیں شکیب الحسن نے کھیلیں اور بالترتیب 62 اور 51 رنز ہی بنا پائے۔ آنے والے بلے بازوں مشق الرحیم اور محمود اللہ نے ٹیم کو نکالنے کی کوشش ضرور کی لیکن ان کے پاس اتنی گیندیں ہی نہیں تھیں کہ وہ میچ کو فتح کی جانب لے جاتے۔ 42 ویں اوور میں جب شکیب الحسن پویلین لوٹے تو بنگلہ دیش کا اسکور محض 149 تھا۔ مشفق الرحیم 44 اور محمود اللہ 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بریٹ لی، مچل جانسن، جان ہیسٹنگز، زاویئر ڈوہرٹی اور اسٹیون اسمتھ سب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح آسٹریلیا کو تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گی ہے۔ سیریز کا دوسرا مقابلہ 11 اپریل کو جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ 13 اپریل کو ڈھاکہ ہی میں ہوگا۔