[ریکارڈز] احمد شہزاد، ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی

5 1,022

احمد شہزاد نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے اہم مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف 111 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر نہ صرف پاکستان کو ایک بڑے مجموعے تک پہنچایا بلکہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔

احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے طویل ترین انفرادی اننگز کھیلنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا (تصویر: ICC)
احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے طویل ترین انفرادی اننگز کھیلنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا (تصویر: ICC)

پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میں طویل ترین اننگز کھیلنے کا گزشتہ ریکارڈ بھی احمد شہزاد ہی کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال اگست میں زمبابوے کے خلاف ہرارے کے میدان پر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں ناکامی کا منہ دیکھنے والے احمد نے تمام کسریں بنگلہ دیشی باؤلرز سے نکالیں۔ صرف 62 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزید 111 رنز کی یہ دھواں دار اننگز مدتوں یاد رکھی جائے گی۔

ٹورنامنٹ میں یہ ایلکس ہیلز کی سری لنکا کے خلاف دھواں دار اننگز کے بعد دوسری سنچری ہے۔ یہ بھی کسی بھی انگریز بلے باز کی جانب سے بنائی گئی تہرے ہندسے کی پہلی اننگز تھی۔ پاکستان کے عمر اکمل آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ مقابلے میں اس سنگ میل کے بہت قریب پہنچے تھے لیکن 94 رنز بنانے کے بعد باؤنڈری لائن پر دھر لیے گئے اور یوں یہ انوکھا اعزاز آج احمد شہزاد کے لیے چھوڑ گغے۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز آسٹریلیا کے آرون فنچ کو حاصل ہے جنہوں نے گزشتہ سال اگست میں انگلستان کے حلاف ساؤتھمپٹن میں 156 رنز کی باری کھیلی تھی۔ صرف 63 گیندوں پر ریکارڈ 14 چھکوں اور 11 چوکوں سے مزین اس انںگز کو فی الحال کہیں سے کوئی خطرہ نظر نہیں آتا۔

بہرحال، ذیل میں ہم قارئین کے لیے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں طویل ترین انفرادی اننگز کھیلنے والے بلے بازوں کے اعدادوشمار پیش کررہے ہیں، امید ہے قارئین کی معلومات میں اضافہ کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں پاکستانی بلے بازوں کی طویل ترین انفرادی اننگز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
احمد شہزاد پاکستان 111* 62 10 5 بنگلہ دیش ڈھاکہ 30 مارچ 2014ء
احمد شہزاد پاکستان 98* 64 6 6 زمبابوے ہرارے 24 اگست 2013ء
عمر اکمل پاکستان 94 54 9 4 آسٹریلیا ڈھاکہ 23 مارچ 2014ء
مصباح الحق پاکستان 87* 53 3 5 بنگلہ دیش کراچی 20 اپریل 2008ء
محمد حفیظ پاکستان 86 51 9 4 جنوبی افریقہ سنچورین 3 مارچ 2013ء
سلمان بٹ پاکستان 74 56 6 3 کینیڈا کنگ سٹی 10 اکتوبر 2008ء
کامران اکمل پاکستان 73 55 8 1 بنگلہ دیش گروس آئی لیٹ یکم مئی 2010ء
سلمان بٹ پاکستان 73 46 8 2 بنگلہ دیش گروس آئی لیٹ یکم مئی 2010ء
عمران نذیر پاکستان 72 36 9 3 بنگلہ دیش پالی کیلے 25 ستمبر 2012ء
محمد حفیظ پاکستان 71 48 6 3 زمبابوے ہرارے 16 ستمبر 2011ء