پاکستان رواں سال بھارت کے خلاف مختصر سیریز کھیلنے کا خواہاں

0 1,082

عالمی کپ 2011ء میں سیمی فائنل میں آمنا سامنا ہو جانے کے بعد اب دنیا بھر کی نظریں اس امر پر مرکوز ہیں کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ میں اپنے تعلقات کو کب بحال کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان رواں سال ایک مختصر ایک روزہ سیریز کھیلنے کی خواہش رکھتا ہے اور اس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو رضامند کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان اور بھارت کھیل کے میدانوں میں روایتی حریف سمجھے جاتے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس میں ایک مختصر پاک بھارت سیریز کے امکانات پر کام کیا جا سکتا ہے۔ البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ رواں سال بھارتی کرکٹ ٹیم کے سخت شیڈول کے باعث اس مجوزہ سیریز کو ایک ہفتے یا 10 دن کے عرصے میں کہیں فٹ کرنا مشکل کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ "رواں سال ایک مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں لیکن ہماری شدید خواہش ہے کہ تعلقات کی بحالی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے اس سال پاکستان میں یا کسی نیوٹرل مقام پر دونوں ممالک کے درمیان 3 یا 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز منعقد ہو۔"

بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے بعد بھارتی ٹیم کے اراکین چار ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ مقابلوں کے لیے ویسٹ انڈیز جائے گی جس کے بعد جولائی-اگست میں انگلستان کا طویل دورہ کرے گی۔

اس کے بعد نومبر میں ویسٹ انڈیز ایک روزہ سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کا رخ کرے گا۔ جبکہ اس کے بعد بھارت ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچز کھیلے گا۔ دسمبر-جنوری میں بھارت آسٹریلیا کا دورہ کرے گا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹورز پروگرام کے مطابق پاکستان کو اگلے سال مارچ میں بھارت کے خلاف مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے قبل بھارت کے خلاف کھیلنے کا خواہاں ہے۔

پاکستان کی خواہش کے برعکس اس امر میں کوئی امکانات نہیں دکھائی دیتے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی کیونکہ 2009ء کے اوائل میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سےپاکستان میں کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا گیا۔ جبکہ پاک-بھارت کرکٹ تعلقات اس سے بھی پہلے سے 2008ء میں ممبئی کے دہشت گرد حملوں کے بعد سے منقطع تھے۔

سبحان احمد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کلیئرنس دے دی ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے عمل کا آغاز کرے۔

پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کی کوششوں کا آغاز کرنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈکو اپنی حکومت کی جانب سے کوئی ہدایت نہ ملنے کی خبروں کے حوالے سے سبحان نے کہا کہ اس بات کو موہالی میں پاک بھارت میچ کے دوران وزیر اعظم ہند منموہن سنگھ نے واضح کر دیا تھا۔ جہاں انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات بحال ہونے چاہئیں۔