بیٹنگ پرانا مسئلہ ہے، راتوں رات ٹھیک نہیں ہوگا: ظہیر عباس

0 1,050

پاکستان کے بیٹنگ مشیر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ راتوں رات بہتری لانے کی بات پہلے بھی نہیں کی تھی، اور نہ ہی وہ اس طرح آ سکتی ہے۔ بیٹنگ ہمارا صدیوں پرانا مسئلہ ہے اور اس کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔

کارکردگی نہ دکھانے والے اب نظر بھی نہیں آئیں گے: وطن واپسی پر گفتگو (فائل فوٹو)
کارکردگی نہ دکھانے والے اب نظر بھی نہیں آئیں گے: وطن واپسی پر گفتگو (فائل فوٹو)

وہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پاکستان کے اخراج کے بعد وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

اپنے زمانے میں 'ایشین بریڈمین' کے نام سے معروف ظہیر عباس نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی نہیں دکھائی، ان کا پوسٹ مارٹم ہوگا اور جو کارکردگی نہیں دکھاتے، اب وہ نظر بھی نہیں آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کل پوری ٹیم انتظامیہ کو چیئرمین نجم سیٹھی نے خصوصی اجلاس میں طلب کیا ہے جہاں شکست کی وجوہات اور آئندہ کے معاملات زیر بحث آئیں گے۔

ایک سوال پر ظہیر عباس نے کہا کہ کپتان کو ہٹانے یا نہ ہٹانے اور نئے کپتان کا معاملہ بورڈ کے ہاتھوں میں ہے اور وہ اس سلسلے میں کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔

پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے آخری گروپ مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 84 رنز کی شکست کھا کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوا تھا اور اس مقابلے میں پاکستان نے اپنی بدترین بیٹنگ کارکردگی پیش کی تھی۔ جس کی وجہ سے ظہیر عباس کی اہلیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بورڈ ٹیم انتظامیہ اور قیادت کے حوالے سے کیا فیصلے کرتا ہے۔