دورۂ انگلستان کے لیے تلکارتنے دلشان کپتان مقرر

0 1,031
دلشان نے عالمی کپ 2011ء میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا (تصویر: اے ایف پی)

سری لنکا دورۂ انگلستان کے لیے تلکارتنے دلشان کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ عالمی کپ کے فائنل میں شکست کے بعد کمار سنگاکارا نے قیادت سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد سری لنکا کی سلیکشن کمیٹی اور نائب کپتان مہیلا جے وردھنے بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔ اس صورتحال میں سری لنکا کو نئے قائد کا اعلان کرنا تھا جس کے لیے دلشان سمیت متعدد امیدواروں کے نام گردش میں تھے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے نائب کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا جس کا کہنا ہے کہ نائب قائد کے لیے زیر غور امیدوار اس وقت مکمل طور پر فٹ نہیں اور دورے کے لیے ان کی دستیابی پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ دلشان کو قائد مقرر کیے جانے سے ہفتوں جاری رہنے والی بحث کا خاتمہ کر دیا۔

کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے 2015ء کے عالمی کپ کے لیے ابھی سے نوجوان کھلاڑیوں کے ذریعے اک نئی ٹیم کی تشکیل چاہتے ہیں اور اپنے استعفے کی وجہ بھی اسی کو قرار دیا تاہم بورڈ نے 34 سالہ دلشان کو قائد مقرر کیا ہے جن کی اگلے عالمی کپ میں اپنی شرکت بھی یقینی نہیں۔

دلشان زمبابوے میں سہ فریقی میں سری لنکا کی قیادت کر چکے ہیں اور عالمی کپ کے دوران زبردست فارم میں رہے۔ انہوں نے عالمی کپ میں 62 رنز کی اوسط سے مجموعی طور پر 500 رنز بنائے۔ تلکرتنے دلشان فی الوقت بھارت میں موجود ہیں جہاں وہ انڈین پریمئر لیگ میں رائل چیلنجرز بینگلور کی نمائندگی کررہے ہیں۔

سری لنکا اگلے ماہ (مئی) سے انگلستان کا دورہ کرے گا جہاں وہ تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ مقابلوں میں میزبان ٹیم کا سامنا کرے گا۔