اتاپتو سری لنکا کے بیٹنگ کوچ مقرر

2 1,027

سری لنکا نے سابق کپتان مارون اتاپتو کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ اگلے ماہ دورۂ انگلستان کے لیے سری لنکا کے تربیتی دستے میں شامل ہوں گے جس میں عبوری کوچ اسٹورٹ لا، چمپاکا رامانائیکے اور رووان کلپگے شامل ہیں۔

سری لنکا دورۂ انگلستان کے بعد مستقل کوچ کے نام کا اعلان کرے گا۔ عالمی کپ 2011ء کے دوران کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھانے والے ٹریور بیلس نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے استعفی دے دیا تھا۔

اتاپتو کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری کے اس اعلان سے قبل دورۂ انگلستان کے لیے تلکارتنے دلشان کو کپتان مقرر کیا گیا تھا، جنہوں نے عالمی کپ میں قائدانہ ذمہ داریاں نبھانے والے کمار سنگاکارا کی جگہ سنبھالی ہے۔

مارون اتاپتو نے 90 ٹیسٹ اور 268 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سری لنکا کی نمائندگی کی۔ وہ 2010ء میں سنگاپور کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔