پاکستان کے خلاف سیریز؛ ڈیمسنڈ ہینز ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ کوچ مقرر

0 1,018

پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز نے سابق بلے باز ڈیسمنڈ ہینز کو بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ایک ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ مقابلوں اور دو ٹیسٹ میچز میں کوچ اوٹس گبسن کے ساتھ کام کریں گے۔ پاکستان کے اس دورے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کل وقتی بیٹنگ کوچ کا اعلان کرے گا۔

کرس گیل، رامنریش سروان اور شیونرائن چندرپال جیسے سینئر بلے بازوں کو ٹیم سے باہر کر دینے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کے بیشتر اراکین نوجوان ہیں اور ہینز آن نوجوان بلے بازوں کی رہنمائی کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے ڈیسمنڈ ہینز مختلف انتظامی عہدوں پر رہ چکے ہیں اور جن میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ بھی شامل ہے۔ وہ حال ہی میں کیریبین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بارباڈوس کی ٹیم کے مینیجر رہے ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم 21 اپریل کو پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے پیر کو سینٹ لوشیا پہنچ چکی ہے۔