عالمی کپ میں ٹیموں کی کمی؛ آئی سی سی سالانہ اجلاس میں فیصلے پر نظر ثانی کرے گی

0 1,194

رواں سال جون میں ہانگ کانگ میں ہونے والے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ سے عالمی کپ 2015ء کے حوالے سے فیصلے پر غور کیا جائے گا۔ نظر ثانی کا یہ مطالبہ آئی سی سی کے سربراہ شرد پوار کی جانب سے کیا گیا ہے۔

سربراہ شرد پوار کا کہنا ہے کہ میں اس معاملے پر مزید سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد بورڈ سے مطالبہ کروں گا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اس معاملے کو دیکھے۔ میں ایسوسی ایٹ اور دیگر ممالک کے جذبات کو سمجھتا ہوں اور آئی سی سی کی خواہش ہے کہ وہ اس معاملے کو ممکنہ طور پر بہترین انداز میں سلجھائے۔

واضح رہے کہ عالمی کپ 2011ء کے فورا بعد 4 اپریل کو ممبئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ 2015ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ میں محض 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس سے قبل بورڈ نے اکتوبر 2010ء میں عندیہ دیا تھا کہ اگلے دونوں عالمی کپ یعنی 2015ء اور 2019ء میں صرف 10 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور ممبئی اجلاس میں بورڈ نے اس فیصلے کی تصدیق کی۔ اس فیصلے کا مقصد آئی سی سی کے بڑے ایونٹس کی ازسرنو تھا جس کے تحت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیموں کی تعداد کو بڑھا کر 16 کیا گیا۔

عالمی کپ میں شامل نوآموز ٹیموں خصوصاً آئرلینڈ کی جانب سے آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف سخت ردعمل دیکھنے میں آیا جبکہ دنیائے کرکٹ کے کئی ماہرین نے آئی سی سی کے ٹیموں کو کم کرنے کے فیصلے کو آڑے ہاتھوں لیا جس کے بعد دکھائی دیتا ہے کہ آئی سی سی نے کچھ لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ سالانہ اجلاس میں اس فیصلے پر نظر ثانی کرے گا۔