[انٹرویوز] نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم دورۂ پاکستان کی خواہشمند ہے: احسن ملک

6 1,194

دنیا بھر میں جہاں بھی پاکستانی مقیم ہیں، کرکٹ کسی نہ کسی صورت میں وہاں اپنا وجود رکھتی ہے۔ برطانوی راج کے دور میں سرزمین ہند و پاک پر مقبول ہونے والا کھیل اب ہر پاکستانی اور ہندوستانی کی رگوں میں دوڑتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کئی ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں ان دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی حامل ہیں۔ نیدرلینڈز اس کی ایک اہم مثال ہے کہ جس کے ایک پاکستانی نژاد باؤلر احسن ملک نے حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

ہاشم آملہ کی وکٹ لینا خوابوں کی تعبیر تھی، شکرانے کے نوافل ادا کیے تھے، احسن ملک (تصویر: Craig Cozier)
ہاشم آملہ کی وکٹ لینا خوابوں کی تعبیر تھی، شکرانے کے نوافل ادا کیے تھے، احسن ملک (تصویر: Craig Cozier)

حیران کن بات یہ ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ یعنی 12 وکٹیں لینے والے دونوں باؤلر پاکستانی نژاد ہیں، ایک جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور دوسرے نیدرلینڈز کے احسن ملک اور جب ٹورنامنٹ میں یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو بہت ہی زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا اور بالآخر جنوبی افریقہ عمران طاہر کی بدولت صرف 6 رنز سے جیتنے میں کامیاب ہوا لیکن احسن ملک کی 19 رنز دے کر 5 وکٹین حاصل کرنے کی کارکردگی مدتوں یاد رکھی جائے گی جس نے دنیا کے بہترین بلے بازوں کو اپنا نشانہ بنایا۔

کرک نامہ نے آج اپنے انٹرویوز کے سلسلے میں ملک احسن احمد جمیل ہی سے خصوصی گفتگو کی ہے جنہوں نے انکشاف کیا کہ نیدرلینڈز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے بے تاب ہے اور اگلے چند ماہ میں ڈچ ٹیم انتظامیہ اپنے بورڈ کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرے گی اور درخواست کرے گی کہ نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں کو بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے اور تربیت کے ویسے ہی مواقع دیے جائیں جیسا کہ افغانستان کے کھلاڑیوں کو دیے گئے ہیں۔

17 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 15.69 کے شاندار اوسط کے ساتھ 26 وکٹیں لینے والے احسن ملک نے کہا کہ دنیا کی سرفہرست ٹیموں کے خلاف کھیلنا کسی بھی کرکٹر کا خواب ہوتا ہے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہماری کارکردگی اس خواب کی تعبیر کا پہلا مرحلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہترین بیٹسمین ہاشم آملہ کو آؤٹ کرنا مجھے تاعمر نہیں بھولے گا بلکہ میں نے تو اس سعادت پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے۔ علاوہ ڈیوڈ ملر کی قیمتی وکٹ سمیٹ کر میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دینے پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں۔ احسن نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جارح مزاج سری لنکن بلے باز کوشال پیریرا کو بھی آؤٹ کیا تھا اور اب خواہش رکھتے ہیں کہ پاکستان کے شاہد آفریدی اور مصباح الحق کو آؤٹ کریں۔

احسن ملک نے کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر اور شبیر احمد سے باؤلنگ کی ٹپس لے کر اپنی گیندبازی کو مزید نکھارنا چاہتا ہوں، بالخصوص ریورس سوئنگ سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

1989ء میں نیدرلینڈز کے اہم شہر روٹرڈیم میں پیدا ہونے والے احسن ملک پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کے بھی خواہشمند ہیں اور سلسلے میں وہ رابطے کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس میں کامیابی مل گئی تو یہ میرے کیریئر کا اہم ترین لمحہ ہوگا، جبکہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تو اس پر بھی غور کروں گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کے بعد نوجوان میڈیم پیسر پرامید ہیں کہ ان کا انڈین پریمیئر لیگ یا کیریبیئن لیگ میں کسی ٹیم کے ساتھ معاہدہ ہوجائے گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیدرلینڈز زمبابوے اور آئرلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو پچھاڑتے ہوئے سپر10 مرحلے میں پہنچا اور وہاں انگلستان کے خلاف ایک اور یادگار فتح سمیٹنے کے علاوہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے مقابلوں میں بھی سر دھڑ کی بازی لگائی اور بلاشبہ اس کی کارکردگی میزبان بنگلہ دیش سے بھی کہیں زیادہ بہتر رہی۔ احسن ملک کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کی کارکردگی سے اندازہ ہوگیا ہوگا کہ مستقبل میں ڈچ دستہ کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔