[عالمی درجہ بندی] سری لنکا نمبر ون، سرفہرست تین پر ایشیا کا قبضہ

6 1,062

سری لنکا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا اعزاز جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن مضبوط کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا ہے ۔

سری لنکا نے فائنل جیت کر اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن کو مزید مستحکم کیا (تصویر: ICC)
سری لنکا نے فائنل جیت کر اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن کو مزید مستحکم کیا (تصویر: ICC)

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے اختتام کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق نیا عالمی چیمپئن سری لنکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ اس کے ایشیائی پڑوسی بھارت اور پاکستان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بھارت نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح سمیٹتے ہوئے عالمی نمبر ایک پوزیشن ہتھیا لی تھی لیکن سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی چت کرکے اپنا مقام دوبارہ حاصل کرلیا اور صرف یہی نہیں بلکہ فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر بالآخر عالمی ٹی ٹوئنٹی بھی جیتا۔

اپنے دو عظیم بلے بازوں کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے آخری ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں سری لنکا نے 131 رنز کا ہدف محض 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا جس میں خود سںگاکارا کا کردار بہت اہم رہا جنہوں نے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔

اب فائنل کے اگلے روز جاری ہونے والی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں سری لنکا 133 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت 130 کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان 120 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تینوں بالائی پوزیشن پر ایشیائی ٹیموں کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلسٹس جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا نمبر آتا ہے جو بالترتیب 118 اور 114 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے بھارت کے ویراٹ کوہلی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے جبکہ ان کے ہم وطن روی چندر آشون بھی تین درجے پھلانگ کے کیریئر کے بہترین تیسرے نمبر پر آ چکے ہیں۔

ویراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں 106.33 کے شاندار اوسط اور 129.14 کے بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 319 رنز بنائے جبکہ آشون نے 11.27 کے اوسط سے 11 وکٹیں سمیٹیں۔

بلے بازوں میں آسٹریلیا کے آرون فنچ بدستور سرفہرست ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایلکس ہیلز تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم چوتھے نمبر پر ہیں۔ احمد شہزاد سرفہرست 10 بلے بازوں میں واحد پاکستانی کھلاڑي ہیں جو 684 پوائنٹس کے ساتھ آٹھويں نمبر پر ہیں۔

باؤلرز میں ویسٹ انڈین اسپنرز کی جوڑی سیموئل بدری اور سنیل نرائن اب بھی سرفہرست پوزیشنوں پر قابض ہے جبکہ ان کے بعد تیسرے نمبر پر پاکستان کے سعید اجمل اور بھارت کے آشون کا نام ہے۔ سرفہرست 10 باؤلرز میں پاکستان کے محمد حفیظ اور شاہد آفریدی بھی شامل ہیں جو دونوں نویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز میں حال ہی میں پاکستان کی قیادت سے استعفیٰ دینے والے محمد حفیظ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ شاہد آفریدی کا نام چوتھے نمبر پر ہے۔