ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ، کوئی پاکستانی شامل نہیں

5 1,113

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے کامیاب انعقاد کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل 'ٹیم آف دی ٹورنامنٹ' کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں بلکہ خود چیمپئن سری لنکا کا صرف ایک کھلاڑی موجود ہے۔

مہندر سنگھ دھونی کپتان اور لاستھ مالنگا باؤلر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہیں (تصویر: AFP)
مہندر سنگھ دھونی کپتان اور لاستھ مالنگا باؤلر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہیں (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے آج جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق چار کھلاڑیوں کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے دو، دو اور آسٹریلیا،نیدرلینڈز اور سری لنکا ایک، ایک کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہے۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ منتخب کرنے والے ماہرین کے گروپ کے چیئرمین ڈیوڈ بون نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کئی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے صرف 11 کا انتخاب ایک مشکل کام تھا۔

بھارت کے مہندر سںگھ دھونی کو وکٹ کیپر اور کپتان کی حیثیت سے دستے میں جگہ دی گئی ہے جبکہ نیدرلینڈز کے اسٹیفن مائی برگ بھی ٹیم میں اوپنر کی حیثیت شامل ہیں، جو شاید چند لوگوں کے لیے بہت حیران کن شمولیت ہو، لیکن بلاشبہ وہ اس کے حقدار تھے۔ ٹورنامنٹ میں 224 رنز اور سب سے زيادہ چھکے اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے 30 سالہ مائی برگ نے اپنی کارکردگی کے ذریعے شائقین کے دل موہ لیے۔

حیران کن طور پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے عمران طاہر کو اس ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، البتہ احمد شہزاد، امیت مشرا، ابراہم ڈی ولیئرز، اینجلو میتھیوز، رنگانات ہیراتھ، ڈیوین براوو اور سنیل نرائن بھی اہم کھلاڑی رہے جو اس قابل نہ ٹھہرے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء ٹیم آف دی ٹورنامنٹ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے :

روہیت شرما (بھارت)، اسٹیفن مائی برگ (نیدرلینڈز)، ویراٹ کوہلی (بھارت)، ژاں-پال دومنی (جنوبی افریقہ)، گلین میکس ویل (آسٹریلیا)، مہندر سنگھ دھونی (بھارت)، ڈیرن سیمی (ویسٹ انڈیز)، روی چندر آشون (بھارت)، ڈیل اسٹین (جنوبی افریقہ)، سیموئل بدری(ویسٹ انڈیز)، لاستھ مالنگا(سری لنکا) اور بارہویں کھلاڑی کرشمار سنتوکی (ویسٹ انڈیز)۔