پاکستان کو 'بگ فور' کی پیشکش کی گئی تھی: نجم سیٹھی کا دعویٰ

12 1,020

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو ملا کر 'بگ فور' بنانے کا منصوبہ پیش کیا تھا لیکن سابق چیئرمین ذکا اشرف نے اس کو ٹھکرا دیا اور یوں پاکستان کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

سابق چیئرمین ذکا اشرف اس پیشکش کو خاطر ہی میں نہ لائے جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا: نجم سیٹھی (تصویر: AFP)
سابق چیئرمین ذکا اشرف اس پیشکش کو خاطر ہی میں نہ لائے جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا: نجم سیٹھی (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانگی سے قبل لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ سربراہ پی سی بی کی حیثیت سے پہلے دور میں بھارت نے مجھے پیشکش کی تھی کہ اگر وہ ساتھ دیں تو بگ تھری کے بجائے بگ فور تشکیل دیا جا سکتا ہے لیکن عدالت نے مجھے عہدے سے ہٹا دیا اور معاملات سابق چیئرمین ذکا اشرف کے ہاتھوں میں چلے گئے، جنہوں نے اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہ کی اور یوں پاکستان عالمی کرکٹ میں تنہا رہ گیا کیونکہ دیگر تقریباً تمام ممالک ان تجاویز کی تائید کرچکے ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامی پر چیئرمین پی سی بی نے عجیب بہانہ تراشا کہ اصل کرکٹ تو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ہے، البتہ ان کا کہنا تھا کہ محدود طرز کی کرکٹ کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتی، ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا اور اپنی نظریں مستقل پر مرکوز کرنا ہوں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ روابط جلد از جلد بحال کیے جائیں کیونکہ 2020ء تک پاکستان کے تمام دورے اور سیریز طے ہوچکی ہیں، سوائے بھارت کے خلاف کھیلنے کے۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کی بحالی اور امن و امان کے لیے پاک-بھارت کرکٹ ہونا بہت ضروری ہے۔