پاکستان اور ویسٹ انڈیز پہلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آمنے سامنے

0 1,021

پاکستان کے دورۂ ویسٹ انڈیز کا باضابطہ آغاز آج (جمعرات کو) واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ہو رہا ہے۔

سینٹ لوشیا کے خوبصورت اسٹیڈیم میں جب شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی تو یہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کسی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے۔

سینٹ لوشیا کا میدان دنیا کے خوبصورت ترین کرکٹ میدانوں میں شمار ہوتا ہے

گو کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو عالمی منظرنامے پر آئے ہوئے کئی سال بیت چکے ہیں لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اس پورے عرصے میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا کبھی سامنا نہیں ہوا اور بالآخر اس روایت کا خاتمہ اب سینٹ لوشیا میں ہونے جا رہا ہے۔

پاکستان ایک نو آموز اور ناتجربہ کار دستے کے ہمراہ ویسٹ انڈیز پہنچا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی اپنے سینئر ترین کھلاڑیوں کو 'آرام' کا موقع دیا ہے اور پاکستان کی طرح بیشتر نئے کھلاڑیوں کے ساتھ اکھاڑے میں اترے گا۔

پاکستان کے مینیجر انتخاب عالم نے نوجوان دستے پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں سے انہیں بہت ساری توقعات وابستہ ہیں۔ ہم نے عالمی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب شائقین کرکٹ کو قومی ٹیم سے توقع ہے کہ وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دے گی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین مینیجر رچی رچرڈسن کا کہنا ہے کہ انفرادی سطح پر گزشتہ چند ماہ میں کچھ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن پاکستان کے خلاف فتح حاصل کرنے کے لیے انہیں اجتماعی سعی کرنا ہوگی۔ کیونکہ یہ سیریز ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جائے گی اس لیے اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے ہوتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے کھیلنا زیادہ آسان ہوتا ہے اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

پاکستان نے اپنے سینئر ترین کھلاڑیوں یونس خان، کامران اکمل، عمر گل اور عبد الرزاق کو ٹیم سے باہر کرتے ہوئے ناتجربہ محمد سلمان، حماد اعظم، عثمان صلاح الدین اور صدف حسین کو پہلی بار قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے بھی شیونرائن چندرپال، کرس گیل، رامنریش سروان اور سلیمان بین جیسے منجھے ہوئے کھلاڑیوں کو اولین دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے اعلان کردہ دستے کا حصہ نہیں بنایا۔ جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے چار نئے کھلاڑی طلب کیے گئے ہیں جن میں بلے باز ڈینزا ہیاٹ، آل راؤنڈر کرسٹوفر بارنویل، آف اسپنر ایشلے نرس اور تیز باؤلر کرشمار سنتوکی شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیموں کا انتخاب مندرجہ ذیل کھلاڑیوں میں سے کیا جائے گا:

پاکستان

شاہد آفریدی (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، تنویر احمد، توفیق عمر، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، صدف حسین، عبد الرحمن، عثمان صلاح الدین، عمر اکمل، محمد حفیظ، محمد سلمان، مصباح الحق اور وہاب ریاض۔

ویسٹ انڈیز

ڈیرن سیمی (کپتان)، آندرے رسل، ایشلے نرس، آندرے فلیچر، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈینزا ہیاٹ، روی رامپال، کرسٹوفر بارنویل، کرشمار سنتوکی، کیمار روچ، لینڈل سمنز اور مارلون سیموئلز۔