چار ملکی ٹورنامنٹ عالمی کپ کوالیفائرز کی تیاری کا بہترین موقع ہے؛ پاکستانی ویمنز کپتان ثناء میر

0 1,031

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے سری لنکا میں چار ملکی ٹورنامنٹ کو عالمی کپ کے کوالیفائرزکی تیاری کے لیے بہترین موقع قرار دیا ہے۔

ثناء میر، پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان

چار ملکی سیریز میں میزبان سری لنکا اور پاکستان کے علاوہ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیمز حصہ لیں گی۔ یہ تمام چار ٹیمیں متعدد ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔

ثناء میر نے کہا ہے کہ ہم چار ملکی ٹورنامنٹ میں شریک ٹیم کے ساتھ ہی عالمی کپ کے کوالیفائرز میں حصہ لیں گے اس لیے اس ٹورنامنٹ کی اہمیت ہماری نظر میں بہت زیادہ ہے۔

چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنا پاکستانی ویمنز ٹیم کا سب سے بڑا ہدف ہے۔

یہ چاروں ٹیمیں آخری مرتبہ 2010ء میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیلنج میں مدمقابل آئی تھیں۔

ثناء میر نے کہا ہے کہ ہم نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں سخت محنت کی ہے اور ٹیم کی چند کھلاڑی ایسی ہیں جو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں لیکن ہمیں بحیثیت ٹیم کھیلنے کی ضرورت ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں اسی کو مدنظر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کو ہرگز آسان نہیں لے گا کیونکہ یہ دونوں ٹیمیں حالیہ عرصے میں بہت تیزی سے آگے بڑھی ہیں۔ آئرلینڈ اپنی ٹیم میں بہت زیادہ بہتری لایا ہے جبکہ نیدرلینڈز انتہائی مضبوط بیٹنگ کا حامل ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں کسی بھی اچھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے لیے سب سے مشکل مرحلہ میزبان سری لنکا کو زیر کرنا ہوگا لیکن ثناء پر اعتماد ہیں کہ ان کی ٹیم اس چیلنج سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔