[وڈیوز] پاکستان کا نیا اسپن اسٹار

7 1,018

پاکستان نے تیز باؤلنگ کی تاریخ کے بڑے نام تو دنیا کو دیے ہی، لیکن اسپنرز کے حوالے سے بھی سرزمین پاک کافی زرخیز رہی ہے۔ عبد القادر، ثقلین مشتاق اور سعید اجمل جیسے عظیم اسپن گیندباز یہیں پیدا ہوئے اور پھر چہار دانگ اپنی صلاحیتوں کا سکہ بٹھایا۔

لیکن کیا مستقبل قریب میں پاکستان کو ایسا ہی کوئی عظیم اسپنر آئے گا؟ کم از کم سوشل میڈیا سے تو ایسا ہی اندازہ ہوتا ہے جہاں ایک نوعمر بچے کی وڈیو نے تہلکہ مچا رکھا ہے۔

یوٹیوب پر پابندی کی وجہ سے فیس کے ذریعے منظرعام پر آنے والی وڈیو میں یہ بچہ نہ صرف سعید اجمل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کے باؤلنگ ایکشن کی بہترین نقل کرتے دکھایا گیا ہے بلکہ اس کی پھینکی گئی گیندوں نے قابل ذکر ٹرن بھی حاصل کیا جو اس نوعمری میں بچے کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

محمد حفیظ اور سعید اجمل کی آف اسپن باؤلنگ کے علاوہ بچے نے چند قدم دوڑ کر شاہد آفریدی کے انداز سے لیگ اسپن گیندیں بھی پھینکیں جن میں سے ایک کافی ٹرن لینے کے بعد وکٹوں میں جا لگی اور بچے نے شاہد آفریدی کا وکٹ لینے کے بعد روایتی انداز بھی اپنایا اور دونوں ہاتھ فضاء میں بلند کرکے داد کا طالب ہوا۔ بلاشبہ داد تو اس بچے کو ملنی چاہیے، آپ بھی وڈیو دیکھیں اور تبصروں کے ذریعے اس کو بھرپور داد دیں۔

(وضاحت: بعد از تحقیق معلوم ہوا ہے کہ اس بچے کا تعلق افغانستان سے ہے)