سال 2013ء کی بہترین تصاویر

3 1,191

"کرکٹ کی بائبل" کہلانے والے معروف جریدے 'وزڈن' اور کرکٹ قوانین کے رکھوالے میری لبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے سال 2013ء کی بہترین کرکٹ تصاویر کے مقابلے کے نتائج ظاہر کردیے ہیں جس کے مطابق عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کی ایک تصویر کو سال کی بہترین تصویر قرار دیا گیا ہے۔

سچن نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے آبائی شہر ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلا اور جب وہ آخری باری کھیلنے کے لیے میدان میں آنے والے تھے تو روزنامہ مڈ-ڈے کے فوٹوگرافر اٹل کامبلے نے ان کی ایک شاہکار تصویر لی جسے مقابلے کی جیوری نے پہلے انعام سے نوازا۔

اس مقابلے کے لیے دنیا بھر سے پیشہ ورانہ اور شوقیہ فوٹوگرافرز نے تقریباً 500 تصاویر جمع کروائی تھیں اور کرس اسمتھ، پیٹر ایگر، نائجل ڈیویس، ایلین لینگزلے اور ہیو روٹلیج پر مشتمل پینل نے ان میں سے 11 تصاویر کو منتخب کیا۔ سرفہرست تین تصاویر وزڈن کرکٹرز کے سالنامے میں شائع ہوں گی جبکہ ان تمام تصاویر کو رواں سال لارڈز میں بھی نصب کیا جائے گا۔

بہترین تصویر پر پہلا انعام 1 ہزار برطانوی پاؤنڈز ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی تصاویر لینے والے فوٹوگرافرز کو 750 پاؤنڈز دیے جائیں گے اور باقی 8 تصاویر لینے والے ہر فوٹوگرافر کو 150 پاؤنڈز ملیں گے۔

نمبر ایک:

sachin-tendulkar

اٹل کامبلے (بھارت)

سچن تنڈولکر بھارت-ویسٹ انڈیز دوسرے ٹیسٹ کے دوران آخری بار بیٹنگ کےلیے میدان میں آ رہے ہیں۔

مقام: وانکھیڑے اسٹیڈیم، ممبئی

تاریخ: 16 نومبر 2013ء

نمبر دو:

IPL 2013 Match 51 KXIP v RCB

شان روئے (جنوبی افریقہ)

رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی کنگز الیون پنجاب کے بلے باز ڈیوڈ ملر کا کیچ پکڑنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد چہرے پر گیند کھا بیٹھے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے اس مقابلے میں ڈیوڈ ملر نے 38 گیندوں پر سنچری بنائی تھی ۔

مقام: پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، موہالی

تاریخ: 6 مئی 2013ء

نمبر تین:

Dhaka-kids

محمد خالد ریحان شاوون (بنگلہ دیش)

ڈھاکہ کے شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایک جہاز اڑاں بھر رہا ہے جبکہ میدان میں کرکٹ کا کھیل جاری ہے ۔

مقام: ڈھاکہ، بنگلہ دیش

تاریخ: 18 اپریل 2013ء

نمبر چار:

Kevin-Pietersen

اینڈریو بویرز (انگلستان)

ایشیز 2013ء پانچویں ٹیسٹ کے اختتام پر انگلستان کے کیون پیٹرسن اپنے اسمارٹ فون سے ایشیز ٹرافی کی تصویر لے رہے ہیں۔

مقام: اوول، لندن

تاریخ: 25 اگست 2013ء

نمبر پانچ:

Australia v England - Second Test: Day 2

رابرٹ سیانفلون (آسٹریلیا)

آسٹریلیا-انگلستان دوسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلیا کے مچل جانسن انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں۔

مقام: ایڈیلیڈ اوول، ایڈیلیڈ

تاريخ: 6 د سمبر 2013ء

نمبر چھ:

Cricket - Third Test - New Zealand v England - Day Five - Eden Park

انتھونی ڈیولن (انگلستان)

میچ اور سیریز جیتنے سے محض ایک وکٹ کے فاصلے پر موجود نیوزی لینڈ کے کھلاڑی امپائر کی جانب سے اپیل مسترد ہونے پر مایوس۔ یہ نیوزی لینڈ-انگلستان سیریز کے تیسرے و آخری ٹیسٹ کے پانچویں دن کے اختتامی لمحات ہیں ، جو بعد ازاں بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہوا۔

مقام: ایڈن پارک، آکلینڈ

تاریخ: 26 مارچ 2013ء

نمبر سات:

Tony-Greig

فل ہل یارڈ (آسٹریلیا)

آسٹریلیا-انگلستان سڈنی ٹیسٹ کے آغاز پر معروف تبصرہ کار ٹونی گریگ کی یاد میں خصوصی تقریب، معروف کمنٹیٹر بل لاری اپنے دیرینہ دوست اور ساتھی کی جدائی پر خاموش کھڑے ہیں ۔ وکٹوں پر ٹونی گریگ کا مشہور ہیٹ ان کی یاد دلا رہا ہے۔

مقام: سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی

تاریخ: 3 جنوری 2013ء

نمبر آٹھ:

Khulna-kids

محمد میزان الرحمٰن (بنگلہ دیش)

بنگلہ دیش میں شہروں کی بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے کھیلوں کے میدان ناپید ہوتے جا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کھیلنے کے لیے ملنے والی ہر جگہ کو بچے استعمال کرتے ہیں، جیسا کہ اس تصویر میں ظاہر ہورہا ہے کہ جہاں دو پٹریوں کے درمیان موجود چھوٹی سی جگہ کرکٹ کھیلنے کے لیے استعمال ہورہی ہے۔

مقام: کھلنا، بنگلہ دیش

تاریخ: 13 اپریل 2013ء

نمبر نو:

ANZ Test Series, NZ v England, 3rd Test Match, 26 March 2013

اینڈریو کورناگا (نیوزی لینڈ)

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی انگلستان کے جیمز اینڈرسن کی وکٹ کا جشن مناتے ہوئے، جو کین ولیم سن کی باؤلنگ پر وکٹوں کے پیچھے روز ٹیلر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔ یہ انگلستان-نیوزی لینڈ تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن کی تصویر ہے ۔

مقام: ایڈن پارک، آکلینڈ

تاریخ: 26 مارچ 2013ء

نمبر دس:

Surrey v Warwickshire - LV County Championship

کلائیو روز (انگلستان)

سرے کاؤنٹی کے بلے باز ارون ہری ناتھ ایل وی کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ون کے میچ کے دوران رن دوڑتے ہوئے واروکشائر کے جیتن پٹیل سے ٹکرا گئے ۔

مقام: گلڈفورڈ کرکٹ کلب، سرے

تاریخ: 7 جون 2013ء

نمبر گیارہ:

Mitchell-Johnson2

فل ہل یارڈ (آسٹریلیا)

آسٹریلیا-سری لنکا دوسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی بلے باز مچل جانسن اور لنکن وکٹ کیپر دنیش چندیمال کے درمیان تصادم۔

مقام: سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی

تاریخ: 4 جنوری2013ء