بتول فاطمہ کا نکاح ہوگیا

14 1,321

گھر آباد کرنے کے لیے کرکٹ کو خیرباد کہنے والی پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بتول فاطمہ کا نکاح ہوگیا۔ گزشتہ رات کراچی میں ایک سادہ سی تقریب میں بتول اور ریاض احمد کے نکاح کی تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں کے اہل خانہ موجود تھے۔

Batool-Fatima

ایک ٹیسٹ، 83 ایک روزہ اور 45 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی بتول فاطمہ کی رخصتی کی تقریب رواں ماہ کی 26 تاریخ کو کراچی ہی میں ہوگی۔

بتول فاطمہ نے چند روز قبل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں پاک-سری لنکا مقابلے کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا۔ ان کی رسم مہندی میں پاکستان کی خواتین ٹیم کی کھلاڑی بھی شریک ہوں گی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی بتول فاطمہ کا کرکٹ کیریئر 13 سال پر محیط رہا جو 2001ء میں نیدرلینڈز کے خلاف مقابلے سے شروع ہوکر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں سری لنکا کے خلاف میچ پر جاکر تمام ہوا۔ انہوں نے عالمی کپ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ سمیت متعدد اہم ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور وکٹوں کے پیچھے اہم فرائض انجام دیے۔