[انٹرویوز] اعزاز چیمہ مستقل جگہ پانے اور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

1 1,036

پاکستان تیز گیندبازوں کی سرزمین ہے، اس کی زرخیز مٹی سے ہر عہد میں ایسے باؤلرز نے جنم لیا ہے جو حریفوں کے لیے درد سر اور ہم وطنوں کے لیے راحت کا سامان بنے۔ چند نے تو عالمی شہرت سمیٹی، افسانوی حیثیت پائی جبکہ چند کو حالات اور سیاست نے کنارہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔ ایک ایسا ہی تیز باؤلر اعزاز چیمہ ہیں۔ بین الاقوامی سطح سے لے کر ملکی کرکٹ تک، ہر مقام پر ان کی کارکردگی قابل قدر رہی لیکن اس کے لیے باوجود وہ ٹیم میں مستقل جگہ نہیں پا سکے۔

اعزاز چیمہ دبئی میں قیام کے دوران ڈیل اسٹین سے ملنے کے خواہشمند ہیں (تصویر: AFP)
اعزاز چیمہ دبئی میں قیام کے دوران ڈیل اسٹین سے ملنے کے خواہشمند ہیں (تصویر: AFP)

7 ٹیسٹ، 14 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے اور مجموعی طور پر 51 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے اعزاز چیمہ آجکل دبئی میں کرکٹ لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ اسی دوران انہوں نے کرک نامہ سے گفتگو کی اور قومی ٹیم میں مستقل جگہ پانے اور کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا۔

2012ء میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو ایشیائی چیمپئن کا اعزاز دلانے والے اعزاز نے رواں سال ایشیا کپ میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا البتہ انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اوربالخصوص بھارت کے خلاف شاندار فتح کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2012ء کے ایشیا کپ فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری اوور کروانا اور پاکستان کو ایشیائی چیمپئن بنانا ایسا لمحہ تھا جس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ویسی ہی کارکردگی دہرانے کے لیے دوبارہ موقع ملے گا۔

اعزاز چیمہ دبئی میں ہونے والے سپر اسٹار کرکٹ ٹورنامنٹ میں ونگز کی نمائندگی کررہے ہیں، جس میں اعزاز کے ہمراہ زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

دنیا بھر میں جاری لیگ کرکٹ کے بارے میں اعزاز چیمہ کا کہنا تھا کہ وہ کئی لیگ منتظمین سے رابطے میں ہیں بالخصوص کیریبین لیگ سے، لیکن تاخیر سے رابطہ ہونے کی وجہ سے وہ اس سیزن میں شامل نہیں ہو سکے۔

اس وقت دبئی اور متحدہ عرب امارات کے دیگر میدانوں میں انڈین پریمیئر لیگ کا ساتواں سیزن جاری ہے، جس کے بارے میں اعزاز چیمہ نے کہا کہ وہ حیدرآباد سن رائزرز کی جانب سے کھیلنے والے جنوبی افریقی باؤلر ڈیل اسٹین سے ملاقات کے خواہاں ہیں اور اگر انہيں موقع ملا تو ضرور اسٹین سے باؤلنگ کی ٹپس لیں گے اور فٹنس کا راز معلوم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی کرکٹ میں تو میں کارکردگی دکھا ہی رہا ہوں لیکن بیرون ملک بھی موقع ملنے پر اپنی فٹنس اور فارم ثابت کررہا ہے۔