[وڈیوز] کرس لین کا ناقابل یقین کیچ

5 1,067

ٹی ٹوئنٹی لمحے بھر میں تبدیل ہوجانے والا کھیل ہے، بالخصوص اگر کوئی محیر العقول کارنامہ انجام دیا جائے تو یکدم زیر دست ٹیم بالادست مقام پر پہنچ جاتی ہے۔ کچھ یہی کہانی گزشتہ شب شارجہ میں دہرائی گئی جہاں انڈین پریمیئر لیگ 2014ء کے اہم مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلور باآسانی فتح کی جانب گامزن تھے۔ لیکن آخری اوور میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین نے باؤنڈری پر ایک ناقابل یقین کیچ تھام کر آر سی بی پر کاری ضرب لگائی اور بالآخر کولکتہ نے مقابلہ 2 رنز سے جیت لیا۔

قبل ازیں، 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16 ویں اوور میں بنگلور کا اسکور 122 رنز دو کھلاڑی آؤٹ تھا۔ ویراٹ کوہلی اور یووراج سنگھ میدان میں موجود تھے تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ 26 گیندوں پر درکار 29 رنز میں بھی بنگلور کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ اسی اوور میں ویراٹ کوہلی سنیل نرائن کی گیند پر بولڈ ہوئے اور انیسویں اوور میں یووراج سنگھ امیش یادیو کے ہاتھوں وکٹ دے گئے۔ یہاں تک کہ معاملہ آخری اوور میں صرف 9 رنز کی ضرورت تک پہنچ گیا جس کی چوتھی گیند پر ڈی ولیئرز کا شاٹ ڈیپ مڈ وکٹ پر کرس لین کے ہاتھوں میں جا پہنچا۔

آپ ذیل میں اس کیچ کی وڈیو ملاحظہ کریں اور دیکھیں کہ کس طرح ایک لمحہ مقابلے کا پانسہ پلٹتا ہے۔