سمر کیمپ کے لیے 36 ناموں کا اعلان، کامران اور شعیب ملک باہر

1 1,016

پاکستان اس وقت بین الاقوامی کرکٹ سے فارغ ہے۔ دنیا بھر کے کھلاڑی جہاں انڈین پریمیئر لیگ میں مصروف نظر آتے ہیں وہیں پاکستانی کھلاڑی اس وقت اپنے گھروں پر چھٹیاں منا رہے ہیں لیکن بورڈ ان ایام کو آنے والے اہم دوروں کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک ماہ طویل سمر کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 36 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان آج کیا گیا۔

ایک ماہ پر مشتمل کیمپ دو حصوں پر مشتمل ہوگا، جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کا امتحان لیا جائے گا (تصویر: AP)
ایک ماہ پر مشتمل کیمپ دو حصوں پر مشتمل ہوگا، جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کا امتحان لیا جائے گا (تصویر: AP)

چیف سلیکٹر معین خان نے نئی سلیکشن کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد کراچی میں ان کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی جو اس کیمپ میں حصہ لیں گے۔ اس فہرست میں کاؤنٹی کے لیے اجازت لینے والے سعید اجمل اور جنید خان شامل نہیں جبکہ کامران اکمل اور شعیب ملک کو شاید حالیہ کارکردگی کی وجہ سے اتنی طویل فہرست میں بھی جگہ نہیں دی گئی۔

مجوزہ سمر کیمپ کے ابتدائی 15 دن کھلاڑیوں کی فٹنس کا امتحان لیا جائے گا جس کے بعد انہیں مختلف اہداف پورے کرنے کے لیے مزید 15 محنت کرنا ہوگی۔

اعلان کردہ کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں:

احمد شہزاد، ناصر جمشید، شرجیل خان، شان مسعود، عمران فرحت، یاسر حمید، خرم منظور، توفیق عمر، مصباح الحق، اسد شفیق، یونس خان، عمر اکمل، اظہر علی، فیصل اقبال، صہیب مقصود، حارث سہیل، فواد عالم، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، انور علی، بلاول بھٹی، عبد الرحمٰن، ذوالفقار بابر، رضا حسن، عاطف مقبول، یاسر شاہ، عمر گل، محمد طلحہ، احسان عادل، محمد عرفان، وہاب ریاض، راحت علی، سہیل تنویر، محمد سمیع، سرفراز احمد اور عدنان اکمل۔