مصباح کی ناراضگی ، معین خان کو چیئرمین کی ڈانٹ

2 1,102

چیف سلیکٹر معین خان کے عالمی کپ 2015ء سے قبل کپتان بدلنے کے بیان نے پاکستان کرکٹ میں بھونچال پیدا کردیا ہے اور معاملات اس نہج تک جا پہنچے کہ رات گئے چیئرمین نجم سیٹھی کو خود وضاحت پیش کرنا پڑی کہ عالمی کپ کے لیے قیادت مصباح الحق ہی کے پاس رہے گی۔

معین خان کا بیان سنتے ہی مصباح نے نجم سیٹھی کو فون کیا اور ناراضگی کا بھرپور اظہار کیا (تصویر: AFP)
معین خان کا بیان سنتے ہی مصباح نے نجم سیٹھی کو فون کیا اور ناراضگی کا بھرپور اظہار کیا (تصویر: AFP)

ذرائع نے کرک نامہ کو بتایا ہے کہ جب کراچی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد معین خان یہ بیان دے رہے تھے تو اس وقت ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں تربیت میں مصروف تھے اور جب انہیں اس بارے پتہ چلا تو وہ برہم ہوگئے اور اپنی ناراضگی کا اظہار چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو فون کرکے کیا۔

معین خان کا یہ بیان عین اس وقت سامنے آیا جب یونس خان اور شاہد آفریدی لاہور میں نجم سیٹھی سے ملاقات کررہے تھے اور یہ دھیما مزاج رکھنے والے مصباح کا فشار خون بلند کردینے کے لیے کافی تھا۔ انہوں نے چیئرمین کے سامنے جو ردعمل ظاہر کیا، وہ بورڈ کے فوری طور پر پچھلے قدموں پر آجانے کی وجہ بنا۔ بعد ازاں سیٹھی نے وہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عالمی کپ کے لیے کپتان مصباح الحق ہی رہیں گے اور ساتھ ہی انہوں نے معین خان کو بھی مشورہ دیا کہ ان کا کام صرف ٹیم منتخب کرنا ہے، لہٰذا وہ اپنا کام کریں اور کپتانی کے چکروں میں نہ پڑیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نجم سیٹھی نے اس معاملے پر معین خان کو فون کرکے خاصی جھاڑ بھی پلائی ہے۔