چار ملکی ٹی ٹونٹی سیریز؛ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے نام

1 1,029

سری لنکا میں چار ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی مقابلوں کا ٹائٹل پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے حاصل کرلیا۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری شدید بارش کے باعث اس سیریز کے چاروں مقابلے متاثر ہوئے۔ فائنل سمیت کسی بھی میچ میں تمام چالیس اوورز کا کھیل ممکن نہیں ہوسکا۔ اسی خراب موسم کے باعث فائنل مقابلے 9، 9 اوورز تک محدود کردیا گیا جس میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے 12 رنز سے حریف ٹیم کو شکست دے دی۔

فائنل مقابلے میں نیدرلینڈز اور پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ نیدرلینڈز کی کپتان ہلمین رامبولڈا نے ٹاس جیت کر پاکستانی خواتین کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان نے مایوس کن آغاز کے باوجود جویریہ خان اور بسمہ معروف کی برق رفتار اننگز اور کپتان ثنا میر کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 9 اوورز میں 53 رنز کا مجموعہ حاصل کیا جبکہ اس کی 7 وکٹیں گریں۔ نیدرلینڈز کی جانب سے ایویلین گیرٹز نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 2 اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

54 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے نیدرلینڈز کی خواتین اوپنرز وائلٹ واٹنبرڈ اور میراند ورنگمئیر میدان میں اتریں تاہم پاکستانی گیند باز خواتین نے انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ نیدرلینڈز کی اوپننگ جوڑی 8 ویں اوور میں ٹوٹی کے جب ثنا میر نے ورنگمئیر (14) کو کلین بولڈ کردیا جس سے نیدرلینڈز کی بلے باز خواتین مزید دباؤ میں آگئیں اور مقررہ اوورز میں محض 41 رنز ہی بنا سکیں۔ پاکستانی خواتین کی زبردست گیند بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نیدرلینڈز کی اننگ میں کوئی بھی گیند باؤنڈری سے باہر نہیں گئی جبکہ میچ میں لگائے جانے والے 6 چوکے پاکستانی بلے باز کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے گئے۔

فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستانی خواتین کرکٹ نے آج (اتور) کی صبح کولٹس کرکٹ گراؤنڈ، کولمبو میں آئرش خواتین کی کرکٹ ٹیم کو شکست دی۔ آئرش خواتین نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 75 رنز بنائے ایمر رچرڈسن اور لارا ڈیلینی 17، 17 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے قنیطہ جلیل اور سعدیہ جلیل نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی خواتین نے ندا ڈار کے 20 اور جویریہ خان کے 15 رنز کی بدولت بغیر کوئی وکٹ گنوائے 7.2 اوورز میں 37 رنز بنائے تھے کہ میچ کو بارش نے آ لیا۔ میچ کا نتیجہ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے مطابق پاکستانی خواتین کے حق میں آیا۔

دوسری جانب سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ، کولمبو میں میزبان سری لنکا اور نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے میچ بھی دلچسپی خالی نہ رہا۔ بارش کے باعث مقابلے کو 13 اوورز تک محدود ہونے کے باوجود اس کا فیصلہ ٹاس کی صورت میں کرنا پڑا۔ نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 46 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن خواتین نے پہلے اوور میں چماری اتاپتو کے 3 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے مجموعی طور پر 14 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش آڑے آگئی۔ دونوں ٹیموں کے متفقہ فیصلے سے میچ کا فیصلہ قسمت پر چھوڑ دیا گیا جو نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیم پر مہربان ہوگئی۔

فائنل مقابلے میں فتح کے بعد پاکستانی خواتین نے چار ملکی سیریز میں فتح کا تاج پہنا جبکہ نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیم رنر اپ کا مقام حاصل کیا۔ میزبان سری لنکا اور آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تیسری پوزیشن کے لیے کھیلا جانے والا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔