وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

1 1,117

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق تیز گیندباز و کپتان وقار یونس کو ایک مرتبہ پھر قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ وقار اگلے مہینے یعنی جون سے پاکستان کے ہمراہ ہوں گے اور آئندہ دو سال کے لیے فرائض نبھائیں گے۔

وقار یونس کو 2 سال تک کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو)
وقار یونس کو 2 سال تک کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو)

پی سی بی کی طرف سے موصول ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کوچ تلاش کرنے والی سہ رکنی کمیٹی نے اتفاق رائے سے وقار یونس کو نیا کوچ بنانے کی سفارش کی جسے چیئرمین نجم سیٹھی نے قبول کیا۔ البتہ یہ بات سامنے نہیں آئی کہ وقار یونس کے علاوہ اس عہدے کے لیے کن امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔

کرکٹ بورڈ نے 17 اپریل کو پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے علاوہ بیٹنگ و فیلڈنگ کوچ، اسپن مشیر، فزیوتھراپسٹ اور دیگر معاونین کے عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں ، جو جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مئی تھی۔ اس کے فوراً بعد آج ہی ہیڈ کوچ کی تقرری کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ سمیت دیگر عہدوں پر اعلانات جلد متوقع ہیں۔

وقار یونس 2010ء اور 2011ء میں پاکستان کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ اس سے قبل باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیے تھے۔ 2011ء میں انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر عہدے سے استعفیٰ دیا اور آسٹریلیا چلے گئے تھے۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ کا عہدہ ڈیو واٹمور کے عہد کے دو سال مکمل ہونے کے بعد سے خالی تھا اور فروری میں اس عہدے پر عبوری طور پر معین خان کی تقرری عمل میں آئی تھی۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے اہم مرحلے گزارنے کے بعد اب پاکستان نے باضابطہ طور پر اس عہدے پر وقارکو دوبارہ تعینات کیا ہے۔

وقار یونس کہتے ہیں کہ وہ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے منتخب ہونے پر بہت خوش ہیں اور اب ان کی توجہ آنے والے مصروف کرکٹ سیزن کے لیے ٹیم کو تیار کرنا ہے جس میں اگلے سال آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں ہونے والا عالمی کپ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ وقار عالمی کپ 2011ء میں بھی ٹیم کے کوچ تھے۔