عدالت نے ذکا اشرف کو ایک مرتبہ پھر بحال کردیا

18 1,073

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ ترین عہدے پر میوزیکل چیئرز کا کھیل بدستور جاری ہے اور عدالت نے ایک مرتبہ پھر ذکا اشرف کو چیئرمین کے عہدے پر بحال کرکے نجم سیٹھی کو باہر بیٹھنے پر مجبور کردیا ہے۔

ذکا اشرف تیسری بار چیئرمین پی سی بی کے طور پر کام کریں گے (فائل فوٹو)۔
ذکا اشرف تیسری بار چیئرمین پی سی بی کے طور پر کام کریں گے (فائل فوٹو)۔

ذکا اشرف کو رواں سال کے اوائل میں عہدے پر بحال کیا گیا تھا لیکن وہ ایک مہینہ بھی اس عہدے پر برقرار نہ رہ پائے اور حکومت نے بورڈ کا آئین معطل کرتے ہوئے ذکا کو باہر کا راستہ دکھا دیا اور نجم سیٹھی کی زیر قیادت ایک ایڈہاک کمیٹی کو پاکستان کرکٹ کے معاملات سونپ دیے تھے۔ لیکن آج اسلام آباد کی عدالت عالیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے منتظم اعلیٰ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے 10 فروری کو حکم نامے کے تحت نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم عبوری کمیٹی کو معطل کردیا ہے۔

پانچ مہینوں کے مختصر وقت میں یہ دوسرا موقع ہے کہ جب اسلام آباد کی عدالت عالیہ کی طرف سے ذکا اشرف کو بحال اور نجم سیٹھی کو برطرف کیا گیا ہے۔ عدالت نے ذکا کے ساتھ ساتھ ان 38 ملازمین کو بھی اپنے عہدوں پر بحال کردیا ہے جنہیں عبوری کمیٹی نے برطرف کردیا تھا۔ ان میں اعلیٰ عہدیداران سمیت لیول 1 اور 2 کا کوچنگ عملہ بھی شامل ہے۔

میاں محمد نواز شریف کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والے فیصل رائے نے رابطہ کرنے پر کرک نامہ کو بتایا کہ نجم سیٹھی کی قیادت میں قائم ہونے والی عبوری کمیٹی نے جن افراد کو برطرف کیا ان میں طویل عرصے سے پی سی بی میں کام کرنے والے ملازمین شامل تھے، جن میں سے اکثریت مستقل ملازمین کی تھی، جنہیں بلاوجہ عہدوں سے ہٹایا گیا تھا۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کوچنگ کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے فیصل رائے نے بتایا کہ کم تنخواہوں پر کام کرنے والے عملے کو فارغ کر کے بھاری معاوضے کے عوض غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں لیکن آج کے فیصلے نے مجھ سمیت ان لاہور، کراچی، حیدرآباد، ملتان اور پشاور سے تعلق رکھنے والے وڈیو اینالسٹ بھی بحال ہوگئے ہیں، جن کی مدد سے پنٹاگولر کپ کے فائنل میں ریفرل سسٹم متعارف کروایا گیا تھا۔

آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے اونٹ کے نئی کروٹ بیٹھنے کے بعد اب 'لاکھ روپے کا سوال': کیا ہیڈ کوچ سے لے کر دیگر تمام اہم عہدوں پر تعینات ہونے والے برقرار رہ پائیں گے؟ یا ذکا اشرف نجم سیٹھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سب کو باہر کا راستہ دکھا دیں گے؟