فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے: نجم سیٹھی کا اعلان

4 1,023

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی سے ایک مرتبہ پھر محروم ہوجانے کے بعد نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ یعنی سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

عدالت نے ہمارے وکلاء کو موقع ہی نہیں دیا، اس لیے فیصلے کو چیلنج کریں گے: نجم سیٹھی (تصویر: AP)
عدالت نے ہمارے وکلاء کو موقع ہی نہیں دیا، اس لیے فیصلے کو چیلنج کریں گے: نجم سیٹھی (تصویر: AP)

اسلام آباد کی عدالت عالیہ نے گزشتہ روز سابق چیئرمین ذکا اشرف سمیت ان 38 ملازمین کو اپنے عہدوں پر بحال کردیا تھا، جنہیں نجم سیٹھی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد برطرف کردیا تھا۔ یہ دوسرا موقع تھا کہ ذکا اشرف عدالت کی مداخلت کی وجہ سے اپنے عہدے پر بحال ہوئے، لیکن اس آنکھ مچولی نے پی سی بی کے معاملات کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ نجم سیٹھی عدالتی فیصلے پر خاصے برافروختہ دکھائی دیتے ہیں۔

کرک نامہ کے رابطہ کرنے پر نجم سیٹھی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے دو سابق ججوں نے گزشتہ ہفتے بورڈ کے جمہوری آئین کی ایک دستاویز حکومت کے پاس جمع کروائی تھی، جس کے بعد میں نے حکومت کو خط لکھا کہ وہ اس دستاویز پر غور کرنے کے بعد 9 جون سے قبل چیئرمین کے عہدے کے لیے بورڈ میں انتخابات کروائے۔

نجم سیٹھی نے کرک نامہ کو مزید بتایا کہ عدالت نے ہمارے وکلاء کو ایس آر او کا دفاع کرنے یا انتخابی منصوبے پر عمل کرنے کا وقت ہی نہیں دیا اس لیے ہم اس فیصلے کو فوری طور پر بھرپور انداز میں چیلنج کریں گے۔

سابق چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات کو پیشہ ورانہ اور صاف و شفاف انداز میں چلانے اور اسے مضبوط کرنے کے لیے کی جانے والی اپنی کوششوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔