آئی پی ایل7 کا فائنل بنگلور میں ہوگا، ممبئی ہاتھ ملتا رہ گیا

1 1,058

ممبئی کی التجائیں، درخواستیں، منتیں، سماجتیں سب اکارت گئیں کیونکہ انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل نے فیصلہ کرلیا ہے کہ رواں سیزن کا فائنل طے شدہ منصوبے کے مطابق یکم جون کو بنگلور ہی میں کھیلا جائے گا۔

وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پہلا آئی پی ایل فائنل منعقد کروانے کی خواہش پوری نہ ہوسکی (تصویر: Getty Images)
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پہلا آئی پی ایل فائنل منعقد کروانے کی خواہش پوری نہ ہوسکی (تصویر: Getty Images)

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے کہا کہ اس امر کا فیصلہ گزشتہ رات گورننگ کونسل کے اراکین نے ایک کانفرنس کال میں کیا جہاں فائنل کے بنگلور میں انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

خبروں کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے فائنل کے انعقاد کے لیے بورڈ کی پیش کردہ تمام 14 شرائط کو تسلیم کرلیا تھا، یہاں تک کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان پر عائد پابندی بھی ہٹانے کو تیار تھے جو 2012ء میں ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ الجھنے کی وجہ سے شاہ رخ پر عائد کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود گورننگ کونسل نے فیصلہ بنگلور ہی کے حق میں دیا۔

غالباً اس فیصلے کی وجہ دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کی ناقص کارکردگی ہو، جس کی وجہ سے اس کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ بہرحال، اس فیصلے کے ساتھ ہی فائنل کے بارے میں غیر یقینی کیفیت کا خاتمہ ہوا، جس کے بارے میں کبھی یہ کہا جا رہا تھا کہ ممبئی میں ہوگا، اور کبھی بنگلور کا نام لیا جاتا۔ بالآخر اب طے ہوچکا کہ یکم جون کو آئی پی ایل7 کے اعزاز کے لیے دو ٹیمیں ایم چناسوامی اسٹیڈیم ہی میں کھیلیں گی۔

ممبئی 2008 ء اور 2010ء میں آئی پی ایل فائنل کی میزبانی کرچکا ہے لیکن یہ دونوں مقابلے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔