برائن لارا کا دوسرا جنم؟ ویسٹ انڈیز میں 14 سالہ بچے نے 404 رنز بنا ڈالے

7 1,063

ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر دنیا کے کئی عظیم ترین بلے بازوں میں جنم لیا اور یہاں سے عالمی منظرنامے پر ابھرنے والا آخری بڑا نام برائن لارا کا تھا۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے اس سپوت کے بعد اس ملک میں ایک اور نام سامنے آ رہا ہے، 14 سالہ کرسٹن کالی چرن۔ جس نے اسکول کرکٹ میں 404 رنز بنا کر سب کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

برائن لارا کی سرزمین ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو سے تعلق رکھنے والے 14 کرسٹن کالی چرن پر اب سب کی نظریں ہیں (تصویر: trinidadexpress.com)
برائن لارا کی سرزمین ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو سے تعلق رکھنے والے 14 کرسٹن کالی چرن پر اب سب کی نظریں ہیں (تصویر: trinidadexpress.com)

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی سیکنڈری اسکولز کرکٹ لیگ انڈر-14 کے کوارٹر فائنل میں کالی چرن نے وشنو کالج کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایک تاریخی اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک نوید بن گئے ہیں۔ 44 چوکوں اور 31 چھکوں پر مشتمل 404 رنز، حیرت ہورہی ہے نا؟ ملک کے وزیر کھیل تک کو ہوئی جنہوں نے یہ تک کہہ ڈالا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے ہم نے نیا برائن لارا دریافت کرلیا ہے۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے وزیر کھیل انیل رابرٹس نے کہا کہ کالی چرن نے اشارہ دے دیا ہے کہ اس میں کھیل کے عظیم ترین بلے باز بننے کی پوری صلاحیت ہے۔

کرسٹن کالی چرن کے کوچ اور ٹیم کے دیگر اراکین بھی اس کارنامے پر بہت خوش ہیں، جس کی بدولت ٹیم ویلنشیا کو روندتے ہوئے لیگ کے سیمی فائنل تک پہنچ گئی ہے۔ 35 اوورز پر مشتمل مقابلے میں صرف ایک وکٹ پر 548 رنز بنانے کے بعد وشنو کالج نے ویلنشیا کو صرف 89 رنز پر آل آؤٹ بھی کیا اور یوں 459 رنز کے ناقابل یقین فرق سے مقابلہ جیت لیا۔

کالی چرن ماضی میں بھی اسکول کرکٹ کے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ 2013ء کے سیزن میں انہوں نے ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی سیکنڈری اسکول کرکٹ لیگ میں وشنو کالج کی جانب سے 194 رنز کی اننگز داغی تھی۔ جس میں 26 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

جس طرح سچن تنڈولکر اسکول کرکٹ میں کارنامے انجام دینے کے بعد عالمی افق پر ابھرے تھے، کیا کالی چرن بھی ویسٹ انڈیز کے لیے ویسے ہی کارنامے انجام دے پائیں گے؟ یہ وقت بتائے گا۔