[ویڈیوز] پولارڈ کا کمال کیچ

3 1,024

انڈین پریمیئر لیگ 2014ء میں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کا حال بہت برا ہے۔ ٹیم 11 میں سے صرف 4 مقابلے جیت پائی ہے لیکن کیرون پولارڈ کے لیے یہ سیزن بہت ہی عجیب و غریب رہا۔ بیٹنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ ان کا جذبات میں آپے سے باہر ہوجانا بھی رواں سیزن کی اہم جھلکیوں میں شمار ہورہا ہے لیکن گزشتہ شب انہوں نے راجستھان رائلز کے خلاف جو کارنامہ انجام دیا، ایسا منظر کرکٹ میں شاذونادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

پولارڈ نے کیچ تھام کر بلے باز اور ہزاروں تماشائیوں کو خاموش کردیا (تصویر: BCCI)
پولارڈ نے کیچ تھام کر بلے باز اور ہزاروں تماشائیوں کو خاموش کردیا (تصویر: BCCI)

اب جبکہ ممبئی انڈینز کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، اور اسے اپنے معدوم ہوتے امکانات کو روشن رکھنے کے لیے تمام مقابلے جیتنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر ٹیم کے حوصلوں کو بلند رکھنے کے لیے ناقابل یقین کارکردگی کی ضرورت ہے اور یہی کارکردگی پولارڈ نے دکھائی۔ احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں راجستھان کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے میں پولارڈ نے ایک ایسا کیچ تھاما، جس نے بلے باز اور ہزاروں تماشائیوں کو واقعتاً خاموش کردیا۔

راجستھانی اننگز کے آٹھویں اوور میں کیون کوپر نے ہربھجن سنگھ کی ایک گیند کو لانگ آن باؤنڈری کی جانب روانہ کیا، جب پولارڈ نے پیچھے کی جانب اچھلتے ہوئے ایک ہاتھ سے گیند کو تھام لیا۔ لیکن وہ باؤنڈری لائن کے بہت ہی قریب پہنچ گئے او راس سے پہلے کہ وہ میدان سے باہر ہوجاتے، انہوں نے گیند کو ہوا میں اچھال دیا۔ جب پولارڈ کے حواس برقرار ہوئے تو انہوں نے دیکھاکہ ہوا میں اچھالی گئی گیند ان سے کافی فاصلے پر گرنے والی ہے، انہوں نے فوراً قوت مجتمع کی اور پوری رفتار سے میدان میں واپس دوڑ لگائی، گیند ان سے خاصے فاصلے پر تھی اور جب انہوں نے دیکھا کہ اب سوائے جست لگانے کے کوئی اور راستہ نہیں بچا تو انہوں نے آگے کی جانب چھلانگ مارتے ہوئے گیند کو تھام لیا۔

کیونکہ مقابلہ راجستھان کے ہوم گراؤنڈ پر تھا، اس لیے کیچ تھامنے کے بعد پولارڈ نے تماشائیوں کو خاموش رہنے کا اشارہ کرتے ہوئے اس وکٹ کا جشن منایا۔

اسی مقام سے میچ ممبئی کے حق میں پلٹ گیا اور بعد ازاں راجستھان پوری کوشش کے باوجود 179 رنز کا ہدف حاصل نہ کر پایا اور 25 رنز سے شکست کھا گیا۔ بلاشبہ پولارڈ کا یہ کیچ آئی پی ایل کے جاری سیزن میں کرس لین کے کیچ کے ساتھ بہترین کیچز میں شمار ہوگا۔ آپ بھی دیکھیں: