عارف عباسی مشیر خاص مقرر؛ ظہیر عباس کی چھٹی

3 1,075

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر عارف علی عباسی کو اپنا مشیر خاص مقرر کردیا ہے۔

عارف عباسی پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں (فائل فوٹو)
عارف عباسی پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں (فائل فوٹو)

تین روز قبل اسلام آباد کی عدالت عالیہ کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال ہونے والے ذکا اشرف نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے فیصلوں پر نظر ثانی کا عمل شروع کردیا ہے۔ اور اس سلسلے میں سب سے پہلی قربانی چیئرمین کے مشیر خاص ظہیر عباس کی دی گئی ہے، جن کی جگہ اب عارف عباسی عہدے پر بیٹھے ہیں۔

تقرری سے متعلق بات کرتے ہوئے عارف عباسی نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے حاضر رہے ہیں اور اس نئی ذمہ داری کو بھی چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہیں۔ پی سی بی میں حالیہ غیر یقینی کیفیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین کے معاملے کو بار بار عدالت میں لے جانا کوئی اچھا شگون نہیں اور اس سے دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی بہت بدنامی ہوگی۔

چیئرمین ذکا اشرف نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عارف عباسی کرکٹ حلقوں میں ایک قابل احترام شخصیت ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

عارف عباسی ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں اور سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں 2000ء میں چیئرمین بھی بنایا تھا۔ عارف عباسی کرکٹ بورڈ میں ایڈہاک-ازم کے سخت ناقد رہے ہیں جبکہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں اور بگ تھری معاملے میں ان کا موقف بہت سخت تھا، جو سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے موقف کے بالکل متضاد ہے۔